اولی اسٹیک ماؤنٹ ایورسٹ سر کرتے ہوئے ہلاک

05:01AM Mon 1 May, 2017

سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما اولی اسٹیک دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایوریسٹ کو بغیر آکسیجن سر کرنے کی کوشش میں ہلاک ہو گئے ہیں۔ 40 سالہ اولی اسٹیک یہ کارنامہ 2012 میں انجام دے چکے ہیں جب انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کو بغیر آکسیجن کے سر کیا تھا۔ سوئس مشین کے نام سے مشہور اولی اسٹیک ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کے لیے ایک نیا راستہ اختیار کرنے والے تھے اور اس کے لیے پہلے آب و ہوا کے مطابق خود کو ڈھال رہے تھے تاکہ وہ بغیر آکسیجن اپنا سفر کر سکیں تاہم اس دوران ان کی موت واقع ہو گئی۔ بدھ کو اسٹیک نے اپنے فیس بک پیج پر لکھا تھا: ’’تیز دن تھا جہاں بیس کیمپ سے اوپر 7000 میٹر کی بلندی تک گیا اور واپس آ گیا۔ آنجہانی اولی اسٹیک نے اپنے کیریئر میں کئی اعزازات حاصل کیے اور تیز رفتاری سے چوٹیوں کو عبور کرنا تو ان کا خاصا تھا۔ ان کی نعش کو پہاڑ سے نکال لیا گیا ہے جسے بعد میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو پہنچا دیا گیا۔