ملیشیا کے سابق نائب وزیر اعظم انور ابراہیم کا الامین کیمپس بنگلور کا دورہ ، کہا: اخلاق کے بغیر دی جانے والی تعلیم نقصاندہ

01:41PM Sun 13 Jan, 2019

اخلاق، آداب، اچھےکردار کے بغیر حاصل کی جانے والی تعلیم نقصان دہ ہے۔ اسلام اوردیگر مذہبوں نے انسانی اقدار،اخلاقی کردار کو اہمیت دی ہے۔ بنگلورومیں الامین کالج کی تقریب میں ملیشیا کے سابق نائب وزیراعظم انورابراہیم نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ بنگلورو کی الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کیلئے یہ ایک تاریخی دن تھا۔ ملیشیا کے مضبوط سیاسی لیڈر،سابق نائب وزیراعظم انور ابراہیم نے الامین کیمپس کا دورہ کیا۔ الامین سوسائٹی کے بانی ڈاکٹر ممتاز احمد خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پرالامین لائبریری اینڈ انفارمیشن سینٹر کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس سینٹر کوالامین ادارے نےانورابراہیم کے نام سے ہی منسوب کیاہے۔ ملیشا کے قداور سیاسی رہنما انور ابراہیم نے موجودہ دور کی تعلیمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ ابراہیم انور نے کہاکہ تعلیم کی خوب ترقی ہورہی ہے، نوجوان تعلیم کے ذریعہ ڈاکٹر،انجینئر،اعلی سے اعلی مقام حاصل کررہے ہیں، لیکن تعلیمی نظام میں اخلاقی اور انسانی اقدار کو نظراندازکیاجارہاہے۔ اخلاق کے بغیرفراہم کی جارہی تعلیم سماج کیلئے نقصان دہ ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ تعلیم کی اصل ترقی نہیں ہے۔ الامین ایجوکیشنل سوسائٹی کے چیئرمین ڈاکٹر ممتاز احمد خان نے کہاکہ افریقی ممالک میں تعلیم کی حالت انتہائی خراب ہے۔ ہندوستان اور ملیشیا جیسے ممالک کو چاہئے کہ غریب ممالک میں تعلیمی ترقی کیلئے مدد کریں۔ ڈاکٹر ممتازاحمد خان نے کہاکہ الامین ادارہ اس کوشش میں ہاتھ بٹانے کیلئے تیارہے۔ انہوں نے کہاکہ الامین ادارے نے گزشتہ پچاس سالوں میں سماج کے انتہائی پسماندہ اور پچھڑے طبقہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس کوشش سے موجودہ سماج میں خوشنما تبدیلی نظر آرہی ہے۔ الامین ادارے کی تعلیمی خدمات سے متاثر ہوکر ملیشیا کے ایک رکن پارلیمان نے الامین تعلیمی فنڈ کیلئے 10ہزارڈالرکی نقد رقم کا عطیہ پیش کیا۔ الامین ادار ے کے سکریٹری سبحان شریف نے کہاکہ ملیشیا کے سابق نائب وزیر اعظم انور ابراہیم نے یقین دلایا ہےکہ وہ ہندوستان کے تعلیمی اداروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انورابراہیم نے اس موقع پر عالمی حالات پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہاکہ اسلام صرف مسلمانوں سے نہیں بلکہ تمام انسانوں سے، پوری مخلوق سےمحبت کرنے کا درس دیتاہے۔ لیکن موجودہ دور میں اسلام کودہشت گردی، انتہا پسندی سے جوڑنے کی کوششیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مذہب اسلام نے تہذیب و تمدن کی تعمیر اور تشکیل میں اہم رول ادا کیاہے۔ انورابراہیم نے ہندوستان کے مشترکہ سماج کی ستائش کی۔ اُنہوں نے کہا ملیشیا میں مسلمان اکثریت میں ہیں، لیکن اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کی جارہی ہے۔   انور ابراہیم نے ہندوستان کی ایک عظیم شخصیت سوامی وویکانند کی تعلیمات کا بھی تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ سوامی وویکانند نے ہرروز نئی سوچ کے ساتھ بیدار ہونے اور کام کاج میں ہر دن بہتری لانے کی نوجوانوں سے تلقین کی ہے۔