لائنس کلب مرڈیشور کے نئے عہدیداران کی حلف برداری تقریب  

02:20PM Tue 18 Jun, 2019

بھٹکل: 18 جون، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  لائنس کلب مرڈیشور کے لیے چنے گئے نئے عہدیداران کے لیے  آج یہاں  مرڈیشور کے شری ونایک ریسیڈینسی میں حلف برداری تقریب منعقد کی گئی  جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے بنگلور سے اشوک کمار نے شرکت کی۔ انہوں نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مرڈیشور لائنس کلب کئی سالوں سے سماجی خدمات انجام دے رہا ہے، خاص طور پر سماج کے نچلے طبقہ کی مدد کرنے میں یہ ادارہ ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر تمام نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دی اور خلوص کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دی۔ واضح رہے کہ رام داس شیٹھ کو مرڈیشور لائنس کلب کا نیا صدر ،ناگیش میڈیوال کو سکریٹری،جگدیش جین کو محاسب،گوریش نائک کو نائب صدر اول اور بیسٹیان ڈی کوسٹا کو نائب صدر دوم منتخب کیا گیا ہے۔انہوں نے آج کی اس حلف برداری تقریب میں اپنے عہدے کے ساتھ وفاداری کرنے اور خلوص کے ساتھ کام کرنے کا حلف لیا۔ اس تقریب میں  پی یو سی دوم کے امتحانات میں تعلقہ ٹاپر رہی اپیکشا مرڈیشور، چیترا مہالے، ایرنا  اور ایس ایس ایل سی میں ٹاپ کرنے والی چیتالی موگیر کی تہنیت کی گئی ۔ اس سے قبل سکریٹر ناگیش نے سالانہ رپورٹ پیش کی۔اس تقریب کا اختتام جگدیش جین کے شکریہ کلمات پر ہوا۔