محمد بن سلمان 48 ارب روپے کی پینٹنگ کے اصل خریدار نکلے
03:26PM Fri 8 Dec, 2017
نیویارک: سعودی عرب کے شاہی خاندان کی جانب سے شاہ خرچی کی ایک اور بہت بڑی مثال اس وقت سامنے آئی ہے جب اٹلی کے مشہور مصور اور جینیئس لیونارڈو ڈاونِسی کی ایک تصویر 45 کروڑ ڈالر میں خریدی گئی ہے جس کی پاکستانی روپوں میں قیمت لگ بھگ 47 ارب 70 کروڑ روپے بنتی ہے۔
اس پینٹنگ کا عنوان ’’سالویٹر منڈی‘‘ یعنی دنیا کا نجات دہندہ اور یہ مشہور مصور، سائنسداں اور زیرک لیونارڈو ڈاونسی نے 1500 کے لگ بھگ میں بنائی تھی۔ پینٹنگ کو سعودی ولی عہد کے ایک قریبی دوست شاہ بدر بن محمد بن عبداللہ نے 15 نومبر کو کرسٹی نیلام گھر نیویارک سے خریدا تھا جس کے لیے 45 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم دی گئی تھی لیکن اب بعض ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ یہ معرکتہ لآرا شاہکار انہوں نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے لیے خریدی ہے۔