بزم نسوان کی طرف سے ایک کروڑ 47لاکھ روپئے کی اسکالرشپ تقسیم

03:28PM Wed 2 Aug, 2017

آپ بھی دوسروں کیلئے ذریعہ بنیں طالبات کو تنویرسیٹھ کی نصیحت بنگلور:(بھٹکلیس نیوز) تعلیم کسی بھی قوم کی ایک پہچان ہے تعلیم کے بغیر کسی بھی میدان میں آگے نہیں بڑھ سکتے طلبا ء تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ کرنام اور مقام پیدا کریں یہ بات کرناٹک کے وزیر برائے پرائمری ایجوکیشن، مینارٹی ویلفیر اور اوقاف جناب تنویر سیٹھ نے آج یہاں بزم نسوان چاریٹبل ٹرسٹ کی طرف سے اسکالرشپ تقسیم کرنے کے پروگرام میں طالبات سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی جناب تنویرسیٹھ نے بزم نسوان کی صدر محترمہ حسنہ شریف اور دیگر ذمہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ بغیر مفاد کے خدمت کررہا ہے اب تک55ہزار طالبات کو اسکالرشپ دی جاچکی ہے اور آج تقریباً 3650لڑکیوں کو ایک کروڑ 47لا کھ روپئے کی اسکالرشپ تقسیم کی جارہی یہ ایک بہت بڑا کام ہے ۔ جناب تنویرسیٹھ نے طالبات سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ کو تعلیمی میدان میں مدد کرنے کیلئے اللہ نے اس ادارے کو ایک ذریعہ بنایا ہے اور آئندہ آپ بھی دوسروں کیلئے ذریعہ بنیں ،تعلیم کے ساتھ اخلاق بھی سیکھیں جو ایک اچھی زندگی گذارنے کیلئے ضروری ہے ۔ وزیر موصوف نے اپنی وزارت کے تعلق سے بتایا کہ ہماری حکومت نے اقلیتوں کی فلاح بہبودی کیلئے 2750کروڑ روپئے کا بجٹ الاٹ کیا ہے جس میں تعلیم کیلئے 1300کروڑ روپئے مختص ہیں۔ ہم نے اسکالرشپ کے ذریعہ اس رقم کو خرچ کررہے ہیں اب تک 14لاکھ بچوں کو اسکالرشپ دی گئی ہے میڈیکل انجنئر ینگ وغیرہ کورسس کیلئے ایجوکیشن لون بھی دے رہے ہیں گذشتہ تین سال کے عرصہ میں13ہزار طلباء کو تعلیمی قرضہ دیا گیاہے ۔ اس میں سے ایک لاکھ طلباء کی رقم واپس کررہے ہیں اس کے علاوہ آئی اے یس ، کے اے یس جیسے مقابلے کے امتحا نات کی تیاری کیلئے بھی رقم خرچ کررہے ہیں۔ جناب تنویرسیٹھ نے بتایا کہ پسماندہ طبقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ اپنے بچوں کو گورنمنٹ اردو اسکول بھیجتے ہیں ہمیں ان بچوں کے مستقبل اور زبان کے بارے میں بھی سوچنا پڑتا ہے۔ اس لئے انہوں نے حکومت کو لکھ کر ملٹی لینگویج فارمولہ کی سفارش کی ہے انہوں نے بتایا کہ آج ملت کے اندر بیداری پیدا کرنے کی ضرورت ہے مسجد کو مرکز بنا کر سرکاری اسکیموں وغیرہ کی جانکاری کے ذریعہ بیداری پید اکی جاسکتی ہے ا س سلسلے میں متولی کانفرنس منعقد کی جانے والی ہے۔اس موقع پر بزم نسوان چاریٹبل ٹرسٹ کی صدر محترمہ حسنہ شریف نے بتایا کہ اس مرتبہ پی یو سی سے ماسٹر ڈگری تک کے3650طالبات میں ایک کروڑ 47لاکھ روپئے کی اسکالرشپ بہ ذریعہ چیک تقسیم کی جارہی ہے انہوں نے بتایا کہ43سال قبل پانچ طالبات سے اسکالرشپ دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ اب تک 55ہزار لڑکیوں کو اسکالرشپ دی جاچکی ہے ہمیں فخر ہے کہ آج اسکالرشپ پانے والی سینکڑوں لڑکیاں ڈاکٹر،انجنئیرنگ اور گرایجویٹ بن گئی ہیں اور کئی ایک بیرونی ممالک میں ملازمت کررہی ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ایک ٹیم ورک ہے ادارے کے تمام عہداداروں کی ا سمیں دلچسپی رہی ہے اس موقع پر ممتاز بلڈر جناب ضیاء اللہ شریف نے طالبات کو نصیحت کی کہ جو بھی کام کریں اللہ پر بھروسہ کرکے کریں اور اسی سے مانگیں اور کہا کہ وہ تجارت پر بھی توجہ دیں تجارت کے ذریعہ راستے کھلتے ہیں ۔ انہوں نے بزم نسوان کی خدمات کو سرہاتے ہوئے کہا کہ محترمہ سعادت انساء صاحبہ نے جس مقصد کے تحت کام شروع کیا تھا وہ درخت آج پھل دے رہا ہے ضیاء اللہ شریف نے اپنی اہلیہ حسنہ شریف کی صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بعض اوقاف مجھے بھی ان سے سیکھنا پڑتا ہے ۔جناب ضیاء اللہ شریف نے اعلان کیا کہ ان کے بزنس میں منافع کی بڑی رقم بزم نسوان کو دیں گے۔ اور امید کی کہ آئندہ اسکالرشپ کی رقم بڑھ کر پانچ کروڑ روپئے ہوگی۔ اس تقریب میں جناب فیروز عبد اللہ، امین مدثر ، جناب شہباز صمد مہمانوں کی حیثیت سے شریک رہے حسنہ شریف کی دختر نے مہمانوں کا استقبال کیا وزیر موصوف کے ہاتھوں اسکالرشپ کے چیک تقسیم کئے گئے۔