ضلع میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر اب تک46 معاملے درج، نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کاہوگا استعمال: میڈیکل ایمرجینسی پر انتظامیہ بھرپور تعاون کرے گی: بھٹکل میں ایس پی کا بیان
12:41PM Mon 30 Mar, 2020
بھٹکل: 30 مارچ،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے دوران ضلع میں بعض لوگ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائے گئے ہیں جس میں اب تک 46/افراد پر ٹرافک قانون کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے اور ان کی گاڑیاں ضبط کرتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائی کی گئی ہے۔ یہ جانکاری ضلعی ایس پی شیو پرکاش دیوراج نے آج دی وہ یہاں بھٹکل میں اخباری نمائندوں سے مخاطب تھے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع اتر کینرا میں پوری طرح سے لاٹھی چارج کو بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود عوام کو سمجھنا بہت ضروری ہے کہ وہ بھی گھروں سے باہر نہ نکلیں اور پولس کو بھی مجبور نہ کریں، انہوں نے کہا کہ اب ضلع میں گلی کوچوں میں گھوم رہے افراد کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے گا اور گھروں سے باہر آنے والوں کی نشاندہی کی جائے گی۔
انہوں نے بیرون ہند سے آئے ہوئے لوگوں کو خود سے کورنٹائن ہونے اور انتظامیہ کو اس کی جانکاری دینے کی بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ایمانداری بہت ضروری ہے ورنہ بہت سے لوگ ان سے متاثر ہوسکتے ہیں، موصوف ایس پی نے یہ بھی کہا کہ بھٹکل کے لوگوں کو کورنٹائن کرنے کے لیے انجمن حامئ مسلمین کا ہوسٹل استعمال کیا جائے گا۔
ایس پی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہیلتھ ایمرجینسی کے موقع پر پولس کسی کو بھی نہیں روکے گی بلکہ اس موقع پر فوری انتظامیہ سے تعاون ملے گا جس کے لیے کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔
انہوں نے عوام کو اپنا پورا وقت گھرو میں ہی رہنے کا مشورہ دیا۔