بھٹکل میں کورونا  کے 45 نئے معاملات: حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن کے اوقات میں توسیع۔ بھٹکل میں باہر سے آنے والوں پر پابندی

09:20AM Mon 6 Jul, 2020

بھٹکل: 6 جولائ 20  (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میں تیسرے مرحلے میں سامنے آئے کورونا کے معاملات رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اطلاع کے مطابق آج ایک ہی دن میں بھٹکل میں کورونا کے 45 معاملات سامنے آئے ہیں جس کے بعد یہاں کے عوام اور انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج اتر کینرا ضلع میں کل 81 کورونا کے معاملات سامنے آئے ہیں جن میں 45 معاملات بھٹکل کے ہیں جبکہ کمٹہ سے 20 معاملات،  ہوناور سے 9 معاملات،  کاروار سے 5 معاملات، یلاپور اور سرسی تعلقہ سے ایک ایک معاملہ سامنے آیا ہے۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اترکینرا کے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ہریش کمار نے لاک ڈاؤن میں توسیع کا حکم جاری کیا ہے جو کہ کل سے بھٹکل میں نافذ ہوگا۔ ڈی سی کی طرف سے جاری اس نئے حکمنامہ کے مطابق بھٹکل میں بڑھتے معاملات پر قابو پانے کے لیے کل 7 جولائی سے صبح 06:00 بجے سے دوپہر 02:00 بجے تک عوامی چہل پہل اور دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہوگی۔ ان اواقات کے بعد طبی ضرورت کے علاوہ کسی کو بھی باہر گھومنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈی سی نے اس حکم کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی بھی تنبیہ کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اتر کینرا ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ اگلے حکم تک بھٹکل میں باہر سے کسی کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ کنڑا روزنامہ کے مطابق ڈی سی نے بتایا کہ 10 جولائی سے اگلے حکم تک بھٹکل میونسپال حدود اور جالی پٹن پنچایت حدود میں کسی بھی ریاست،کسی بھی ضلع یا کسی بھی تعلقہ سے لوگوں کے آنے پر مکمل پابندی رہے گی۔