زخمیوں کو فوری اسپتال پہنچانے ’’ بس مترا 45 ‘‘ کا آغاز وزیر برائے ٹرانسپورٹ ریونا نے ہر ی جھنڈی دکھائی، کئی جانیں بچانا ممکن ہوگا

02:16PM Sat 4 Nov, 2017

بنگلور:3 ؍نومبر(سالار)سڑک حادثات کی صورت میں فوری جائے حادثہ پہنچ کر زخمیوں کو ہنگامی حالت میں مقامی اسپتالوں میں داخلہ کے لئے3.52 کروڑ روپیوں کی لاگت سے کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن( کے ایس آر ٹی سی) کی جانب سے خریدی گئی،’’ بس مترا- 45 ‘‘ مہیندرا بولیرو گاڑیوں کو آج وزیر برائے ٹرانسپورٹ ایچ ایم ریونا نے ہری جھنڈی دکھائی۔اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مذکورہ بس مترا- 45 بولیرو گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے حادثات کے موقع پر زخمیوں کو بروقت اسپتال پہنچ کر انہیں بچایا جائے گا، حادثات کے موقع پر بروقت زخمیوں کا علاج نہ ہونے کی وجہ سے کئی افراد اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں۔اگر ایسے افراد کو فوری اسپتال پہنچایا جائے تو ان کی جانیں بچائی جاسکتی ہیں، وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے3.52 کروڑ روپیوں کی لاگت سے مذکورہ گاڑیوں کی خریدی کی ہے، انہوں نے بتایا کہ مذکورہ گاڑیوں کا ٹرانسپورٹ کے چاروں کارپوریشنوں کے لئے استعمال کیا جائے گا، ان کے مطابق کے ایس آر ٹی سی، کارپوریشن کی حدود میں حادثات کے اوسط ہر ایک لاکھ کلو میٹر پر 0.10 ہے، اس میں کمی کے لئے’’بس مترا- 45 ‘‘ کی خدمات کافی کار آمد ثابت ہوں گی، ریونا نے بتایا کہ مذکورہ’’ بس مترا- 45 ‘‘ گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو امراض قلب سمیت دیگر شدید بیماریوں کو چھوڑ کر زخمیوں کو بچانے کے لئے ابتدائی علاج کرنے کے لئے خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ بسوں میں ’’فرسٹ ایڈ‘‘ رہنے کی وجہ سے ڈرائیوروں کو بروقت زخمیوں کی علاج کے لئے پہلے ہی سے تربیت دیتی ہے، اور وہ ابتدائی علاج سے بھی واقف رہتے ہیں، وزیر ٹرانسپورٹ نے بتایا کہ گولڈن ٹرسٹ اور ریڈ کراس سوسائٹی کے اشتراک سے ہنگامی علاج کیا جائے گا، انہوں نے بتایا کہ کے ایس آر ٹی سی میں بچت ہونے والی رقم اس ’’بس مترا- 45 ‘‘ اسکیم پر استعمال میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ کمرشیل ٹیکس، آبکاری، رجسٹریشن ٹیکس اور ٹرانسپورٹ سے حکومت کو6 ہزار کروڑ روپیوں کا ٹیکس وصول ہورہا ہے، ریاستی عوام کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کا فریضہ ہے، اس لئے انہوں نے مذکورہ ’’بس مترا- 45 ‘‘ سرویس شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاکہ مسافروں کو حادثات کے موقع پر بروقت علاج کی سہولت مہیا کی جاسکے۔’’بس مترا- 45 ‘‘ مسافروں کو بچانے کا کام کرے گی۔ریونا نے آج وضاحت کی کہ انہوں نے نجی بسوں میں آن لائن بکنگ نظام کو ختم کرنے کی کوئی بات نہیں کی، بلکہ اس نظام کی مکمل جانچ کا حکم دیا ہے، انہوں نے بتایا کہ عوام کے ساتھ طلباء بھی نجی بسوں کا استعمال کرنے کی بجائے سرکاری بسوں کا استعمال کرنے میں دلچسپی دکھانی چاہئے، اس مقصد سے کل شہر کے کیمپے گوڈا بس اسٹانڈ میں صبح10 بجے ’’بس ڈے‘‘ کا اہتمام کیا گیا ہے۔اس موقع پر کے ایس آر ٹی سی کے صدر گوپال بنڈور، بی ایم ٹی سی صدر ناگراج یادو، محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سکریٹری، ڈاکٹر بی بسواراجو آئی اے ایس، کے ایس آر ٹی سی منیجنگ ڈائرکٹر ایس آر اما شنکر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔