پونے میں اشتہاری ہورڈنگ گرنے سے 4 افراد ہلاک

03:41PM Sat 6 Oct, 2018

پونے: 06 اکتوبر،2018 (بھٹکلیس نیوز بیورو) پونے کی مصروف شاہراہ پر نصب محکمہ ریلوے کے بھاری بھرکم اشتہاری ہورڈنگ گرنے سے 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے ہیں۔ میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے کی مصروف ترین شاہراہ پر نصب وزنی اشتہاری ہورڈنگ اچانک سڑک پر رواں دواں ٹریفک پر آن گرا جس کی زد میں آکر 4 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اداروں نے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو پونے کے جنرل اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دو زخمیوں کے سر پر گہری چوٹ لگنے کے سبب حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ بھاری بھرکم ہورڈنگ اس وقت زمین بوس ہوا جب گاڑیاں سگنل کھلنے کی منتظر تھیں۔ ہورڈنگ گرنے سے 4 رکشے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے چاروں افراد رکشا ڈرائیور بتائے گئے ہیں۔ پولس کا کہنا ہے کہ اشتہاری ہورڈنگ ریلوے کی ملکیت ہے اور ریلوے کی ہی زمین پر غیر قانونی طور پر نصب کیا گیا تھا۔ ہورڈنگ مقررہ وزن سے کئی گنا وزنی اور سائز میں بڑا تھا۔ محکمے کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔