واشنگٹن:بحریہ کے اڈے میں فائرنگ، 4 ہلاک
05:51PM Mon 16 Sep, 2013
واشنگٹن:بحریہ کے اڈے میں فائرنگ، 4 ہلاک
امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ دارالحکومت واشنگٹن میں واقع نیوی یارڈ میں فائرنگ کے واقعے میں کم از کم چار افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔
امریکی بحریہ نے تصدیق کی ہے کہ پولیس اس عمارت میں ایک مسلح شخص کی تلاش کے لیے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بج کر بیس منٹ پر داخل ہوئی۔
مقامی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ اس واقعہ میں ایک پولیس افسر سمیت متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
کلِک امریکہ: اسلحہ پر کنٹرول کے لیے ریلی
کلِک امریکہ میں اسلحہ پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ
کلِک اسلحہ پر کنٹرول کے لیے ٹھوس تجاویز دیں: اوباما
واشنگٹن نیوی یارڈ کے تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر کیپٹن ایڈ بکلیٹن نے ٹوئٹر پر کہا ہے کہ اس واقعے میں چار افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔امریکی بحریہ کا کہنا ہے کہ تمام جوانوں کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ محفوظ مقام پر رہیں۔
امریکی بحریہ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کے جنوب مشرق میں واقع نیوی سسٹمز کمانڈ ہیڈ کوارٹرز میں فائرنگ کی آواز سنی گئی۔
اطلاعات کے مطابق اس واقعے کی ایک عینی شاہد پیٹریشیا وارڈ نے سات مرتبہ گولی چلنے کی آواز سنی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’سب کچھ بہت تیزی سے ہوا، میں تو بھاگ کھڑی ہوئی۔‘
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے امریکی بحریہ کے کمانڈر ٹم جیورس نے کہا کہ وہ عمارت کی چوتھی منزل پر تھے جب انہوں نے گولیوں کی آوازیں سنی۔
اس واقعے کے بعد امدادی اداروں کی درجنوں گاڑیاں عمارت کے گرد جمع ہوگئیں جبکہ ہیلی کاپٹروں نے علاقے کی نگرانی شروع کر دی۔
اس یارڈ میں تقریباً تین ہزار افراد کام کرتے ہیں۔
امریکی نیوی کے مطابق واشنگٹن نیوی یارڈ امریکی بحریہ کا سب سے پرانا ساحلی ٹھکانا ہے اور اسے پہلی بار 19 ویں صدی میں کھولا گیا تھا۔