تامل ناڈو کی نامزد وزیر اعلی کو 4 سال قید کی سزا 

01:35PM Tue 14 Feb, 2017

نئی دہلی، (بھٹکلیس نیوز) ریاست تمل ناڈو میں سیاسی تعطل کے درمیان سپریم کورٹ نے وہاں کی نامزد وزیر اعلی ششی کلا کو آمدنی سے زیادہ جائیداد رکھنے کے معاملے میں مجرم قرار دیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق عدالتِ عظمی نے کہا ہے کہ ششی کلا کو گرفتاری دینی ہوگی کیونکہ عدالت نے انھیں4 سال کی سزا سنائی ہے۔ ذرائع کے مطابق ان پر 10 کروڑ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیاہے۔سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ پلٹ دیا ہے اور ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔ ٹرائل کورٹ کے جج نے آمدنی سے زیادہ جائیداد کے معاملے میں جے للتا اور ششی کلا کو مجرم قرار دیا تھا۔عدالت نے جے للتا کو ان کے انتقال کے بعد بری قرار دیا ہے تاہم باقی تینوں ملزمان کو تین ہفتے کے اندر کرناٹک ہائی کورٹ میں حکام کے حوالے کرنے کے لیے کہا ہے۔واضح رہے کہ یہ مقدمہ بی جے پی کے رہنما سبرامنیم سوامی نے دائر کیا تھا وہ مقدمہ دائر کرتے وقت پارٹی کے چیئرمین تھے۔ انھوں نے فیصلہ آنے کے بعد ٹویٹ کیا کہ 20سال بعد بالآخر میری جیت ہوئی۔تمل ناڈو کی سابق وزیر اعلی جے للتا کے انتقال کے بعد ششی کلا اے آئی اے ڈی ایم کے اراکین اسمبلی کی لیڈر منتخب کی گئی تھیں۔ اس سے پہلے انھیں پارٹی کا جنرل سیکرٹری بنایا گیا تھا۔