چھتیس گڑھ کے بستر میں نکسلی لوگوں کو بانٹ رہے ہیں 4-4ہزار روپے:آئی جی
03:26PM Mon 21 Nov, 2016
جگدل پور، (ایف اویس)
چھتیس گڑھ کے بستر میں نکسلی اپنے پیسوں کو ٹھکانے لگانے کی کوشش میں لگے ہیں،وہ ارد گرد کے دیہاتیوں کو چار چار ہزار روپے بانٹ رہے ہیں، تاکہ ان کی مدد سے وہ پرانے نوٹ بدلوا سکیں۔بستر کے آئی جی ایس آرپی کلوری نے بتایا کہ انہیں دربھا بلاک کے تلسی ڈوگری علاقے سے اطلاع ملی کہ نکسلی ارد گرد کے دیہاتیوں کو چار چار ہزار روپے بانٹ رہے ہیں،وہ دیہاتیوں کی مدد سے پرانے نوٹ بدلوانا چاہتے ہیں۔آئی جی نے بتایا کہ جوانوں نے ایس پی آر این داش کے ساتھ تلسی ڈونگری و کماکولیگ کے جنگل میں سخت تلاشی دی لیکن نکسلی بھاگ گئے۔
انٹیلی جنس ذرائع نے بتایا کہ ماڑ علاقے میں نکسلی اپنی چھپی دولت نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔نارائن پور، دنتے واڑہ، دورناپال، کوٹا، بیجاپور، بھوپال پٹنم، بھیرمگڑ، بارسور، گیدم وغیرہ نکسل متاثرہ علاقوں سے ملحقہ شہری علاقوں میں پولیس کے جوان سادہ وردی میں لوگوں پر نگاہ رکھ رہے ہیں اور پولیس شہری علاقوں میں تاجروں کے ساتھ ملاقات کرکے انہیں مشورہ دے رہی ہے کہ وہ نکسلیوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور ان کے پیسے بدلوانے کی ذمہ داری نہ لیں، ورنہ ان پر مقدمہ چلے گا۔آئی جی کلوری نے بتایا کہ تلسی ڈوگری میں نکسلیوں نے دیہاتیوں کو چار چار ہزار روپے بانٹے ہیں،اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں خود وہاں گیا تھا،ابوجھماڑ علاقے سے بھی پیسہ باہر نکالنے کی کوشش ہو رہی ہے،ہم تاجروں کو سمجھا رہے ہیں کہ وہ نکسلیوں کا پیسہ بدلوانے کی کوشش نہ کریں۔