بڑا حادثہ: ممبئی میں 4 منزلہ عمارت منہدم، کم سے کم 4 لوگوں کی موت، زندہ نکالا گیا معصوم

11:57AM Tue 16 Jul, 2019

ممبئی کے ڈونگری علاقے سے بڑی خبر سامنے آرہی ہے۔ یہاں ایک 4 منزلہ عمارت گر گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملبے میں 50 سے زائد افراد کے دبے ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ اب تک4 لوگوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور آٹھ زخمیوں کو ملبے سے باہر نکالا گیا ہے۔ انہیں علاج کیلئے جے جے اسپتال پہنچایا گیا ہے۔ اس حادثے کی اطلاع ملتے ہی راحت و بچاؤ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے۔ فائر بریگیڈیر کے علاوہ ایمبولینس اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں بھی جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہیں۔ تنگ گلیاں ہونے کی وجہ سے راحت اور بچاؤ کے کام میں کافی دقت آرہی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ صبح 11 بج کر 40منٹ پر یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ جب اچانک عمارت بھر بھرا کر نیچے آگری۔ عمارت گرنے کی وجہ مسلسل ہو رہی بارش کو ماناجارہا ہے۔یہاں کے مقامی لوگ بھی مل کر چین بنائے ہوئے ہیں اور ملبے میں پھنسے لوگوں کو باہر نکالنے  میں مددکررہے ہیں۔اطلاعات کے مطابق ٹنڈیل اسٹریٹ میں واقع 'کیسربائی نام کی یہ عمارت تقریبا 80-100  سال پرانی بتائی جا رہی ہے۔ بی ایم سی نے اس عمارت کو لیکر الرٹ بھی جاری کیا تھا۔