اَب پرواز سے 4 گھنٹے پہلے پہنچنا ہوگا ائیر پورٹ
02:59PM Thu 8 Aug, 2019
اگر آپ ہوائی جہاز سے کسی سفر پر جانے والے ہیں تو آپ کو بیورو آف سول ایویشن سیکورٹی (بی سی اے ایس) کی نئی ہدایات کو پڑھنا ضروری ہے، کیونکہ نئی ہدایات کے مطابق مسافروں کو ہوائی اڈے پر پرواز سے کم از کم چار گھنٹے پہلے پہنچنا ضروری ہوگا۔ دراصل جموں و کشمیر پر مرکزی حکومت نے جو فیصلہ لیا ہے اس کے بعد سے امید کی جا رہی ہے کہ پاکستان کوئی بھی تخریبی کارروائی کر سکتا ہے۔ پاکستان کی جانب سے تخریبی کارروائی کے پیش نظر سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔ اس لئے ریلوے اسٹیشن، بس اڈوں اور ہوائی اڈوں کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
سیکورٹی انتظامات کے پیش نظر بی سی اے ایس نے اعلان کیا ہے کہ گھریلو اڑان سے سفر کرنے والے مسافروں کو پرواز سے تین گھنٹے پہلے ہوائی اڈے پر پہنچنا ہوگا اور جو مسافر بین الاقوامی پرواز سے سفر کر رہے ہیں ان کو اپنی پرواز سے چار گھنٹے پہلے ہوائی اڈے پر پہنچنا ہوگا۔ ادھر بیورو نے ہوائی اڈوں کو بھی ہدایت جاری کی ہے کہ ائیرپورٹ پر ڈرون، ماڈل اور مائکرو لائٹ سے ائیر کرافٹ پر نگرانی رکھیں اور ایئر پورٹ پر کویک ریکشن ٹیم تیار رہنی چاہیے۔
واضح رہے ہوائی اڈے پر پہنچنے کے نئے ضابطہ 30 اگست تک لاگو رہیں گے اس سے پہلے ہوائی اڈے پر پہنچنے کے جو اوقات تھے وہ یہ تھے۔ گھریلو پروازوں سے سفر کرنے کے لئے دو گھنٹے پہلے اور بین الاقوامی پروازوں سے سفر کرنے کے لئے تین گھنٹے پہلے پہنچنا ہوتا تھا۔ 30 اگست تک وزیٹر پاس بھی نہیں جاری ہوں گے کیونکہ بیورو نے وزیٹرس کا داخلہ بند کر دیا ہے۔ ایئر پورٹ پر جانے والی تمام گاڑیوں کی جانچ ہوگی۔ مسافروں کے علاوہ اب پائلٹ سے لے کر جہاز کے تمام کرو ممبرس کی بھی چیکنگ ہوگی۔