ولی عہد محمد بن سلمان کی ایک روزہ مصرکے دورے پر
01:27PM Tue 27 Nov, 2018
قاہرہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد ایک روزہ دورے پر مصر پہنچ گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مختلف عرب ممالک کے سرکاری دورے کے سلسلے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان متحدہ عرب امارات اور بحرین کے بعد مصر پہنچ گئے، جہاں اُن کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
ولی عہد اور مصر کے صدر کے درمیان اہم ملاقات بھی ہوئی جس میں خطے کو درپیش سیکیورٹی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عرب ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
بحرین میں عرب نیٹو فورس کے قیام کے لیے پیشرفت کے اعلان کے بعد ولی عہد محمد بن سلمان کے عرب ممالک کے دورے کو خاص اہمیت حاصل ہوگئی ہے جب کہ خلیجی ممالک کے قطر سے سفارتی اور تجارتی تعلقات کی بندش کو بھی دورے میں خاص اہمیت حاصل ہے۔
متحدہ عرب امارات اور بحرین کے دورے پر ولی عہد نے ملکی صدور سے ملاقات میں عرب ممالک کے درمیان اتحاد و تعاون پر مبنی اپنا پیغام پہنچایا اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ ولی عہد محمد بن سلمان عرب ممالک کے دورے کے سلسلے میں متحدہ عرب امارات، بحرین اور مصر کے بعد چوتھے ملک تیونس روانہ ہوں گے۔ تاہم ولی عہد کی سیکیورٹی کے پیش نظر سرکاری دورے سے متعلق تمام معلومات کو خفیہ رکھا جارہا ہے۔