سسودیا نے دی صفائی- عام آدمی پارٹی نے الکا لامبا سے نہ استعفیٰ مانگا، نہ ہی کوئی استعفیٰ ہوا ہے
12:25PM Sat 22 Dec, 2018
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی سے بھارت رتن واپس لینے کی مانگ سے متعلق دہلی اسمبلی سے مبینہ طور پر منظور کی گئی تجویز سے ناراض پارٹی کی ایم ایل اے الکا لامبا سے استعفی مانگے جانے سے ہفتہ کے روز انکار کرتے ہوئے کہا کہ نہ تو ان سے استعفی مانگا گیا ہے نہ ہی کوئی استعفی ہوا ہے۔
لامبا نے ہفتہ کے روز اس معاملہ میں اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اروند کیجریوال نے ان سے ایم ایل اے عہدہ سے استعفی دینے کے لئے کہا ہے اور پارٹی سربراہ کے فیصلہ کو قبول کراستعفی دے دیں گی۔
وہیں دوسری جانب سسودیا نے صحافیوں کو بتایا کہ 1984 کے سکھ فسادات کو انصاف دلانے کے لئے اسمبلی میں گزشتہ دو دنوں سے چل رہی بحث کے دوران منظور کی گئی تجویز کو لے کر یہ متنازعہ پیدا ہوا تھا، جس میں سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کا بھارت رتن اِعزاز واپس لینے کی بات کہی گئی تھی۔ سسودیا نے یہ بھی کہا کہ ’’سابق وزیر اعظم کا بھارت رتن اعزاز واپس کرنے سے منسلک کسی تجویز کی پارٹی حمایت نہیں کرتی ہے‘‘۔
خیال رہے کہ دہلی اسمبلی میں جمعہ کو راجیو گاندھی کا بھارت رتن واپس لینے سے منسلک ایک تجویز منظور ہوئی ہے۔ اس تجویز کے خلاف احتجاج میں الکا لامبا نے ایوان سے واک آوٹ کر دیا تھا۔ واک آوٹ کے بعد انہوں نے کہا تھا کہ اس کا جو بھی نتیجہ ہو گا وہ اسے بھگتنے کے لئے تیار ہیں۔ حالانکہ، بعد میں عام آدمی پارٹی نے اس تجویز پر یوٹرن لے لیا۔