ھیرا گروپ کی طرف سے رابطہ ہال میں تعارفی اجلاس
11:45AM Mon 21 Oct, 2013
ھیرا گروپ کی طرف سے رابطہ ہال میں تعارفی اجلاس
بھٹکلیس نیوز / 20 اکتوبر
بھٹکل (نامہ نگار) گزشتہ سنیچر بعد نمازعصر رابطہ سوسائٹی کے قاضیا حسن ہال میں ھیرا گروپ کی جانب کمپنی کے تعارف اور حلال طریقہ پر روزگار کے لئے ایک عام اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ جس میں ھیرا گروپ ممبئی سے آئے مہمان خصوصی ڈاکٹر رضوان شیخ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ھیرا گروپ کا مختصر تعارف پیش کیا اور اس کمپنی کے عمل میں لانے کا اہم مقصد بھی بیان کیا ۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر رضوان نے اس موقع پر کہا کہ آج ہماری قوم کا ایک بڑا حصہ سود کی لپیٹ میں آچکا ہے ۔ انہوں نے بڑے افسوس کے ساتھ کہا کہ اسلام میں سود کی شناعت اور مذمت کے باوجود آج ہماری قوم کا ایک بڑا طبقہ اس میں ملوث نظر آرہا ہے ۔ اس برے فعل سے عوام کو آگاہ کرنے اور مت مسلمہ کو اس سے باہر نکال کر حلال روزی کی طرف راغب کرنے کے مقصد سے محترمہ علیمہ شیخ نے اس گروپ کو عمل میں لایا ہے اور یہ اللہ تعالی کا فضل ہے کہ آج ھیرا گروپ دنیا بھرمیں سود کو مٹانے اور حلال طریقہ پر روزی کمانے کی طرف راغب کرنے میں کوشاں نظر آتا ہے ۔ ڈاکٹر رضوان نے اس موقع پر مزید کہا کہ یہ کمپنی مختلف پروڈکٹس پر پیسہ لگاتی ہے اور عوام کو حلال طریقہ پر روزگار میں موقع فراہم کرتی ہے ۔ آخر میں عوام کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا جس میں پوچھے گئے سوالات کے تشفی بخش جوابات دئے گئے ۔ واضح رہے کہ خواتین کے لئے اسی طرز پر مردوں کے اجلاس سے قبل ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں محترمہ روشن آرا رضوان شیخ نے خطاب کیا تھا ۔
