وزیر اوقاف تنویر سیٹھ صاحب کے بدست ’’ٹیپو سلطان شہید ؒ نمبر‘‘ کا اجراء

03:20PM Mon 8 May, 2017

’’حضرت ٹیپوسلطان شہید کے پرستارساری دنیا میں پھیلے ہوئے ہیں‘‘ تنویر سیٹھ میسور (بھٹکلیس نیوز) گذشتہ روز حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ پر لکھے مضامین کا مجموعہ ماہنامہ’’ ضیاءِ وجیہ ‘‘ رام پور، یو پی نے نکال کر سب کو حیران کر دیا۔ اس کی رسم رونمائی کے لیے رام پور یو پی سے مدیر اعلیٰ ڈاکٹر شعائر اﷲ خان وجیہی کے ہمراہ اس ماہنامہ سے منسلک چار اور احباب نے ہوائی جہاز کا سفر طئے کرتے ہوئے سر زمین ٹیپو پہنچ کر گنبد کے احاطے میں ’’ٹیپو سلطان شہید ؒ نمبر کا اجراء وزیر اقلیتی تعلیم و اوقاف کے بدست اجراء کراتے ہوئے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر عارف اے مہکری ، صدر ضلع وقف بورڈ میسور ،الحاج سید رفیع اﷲ حیسنی صدر مسجد البدر،محمد کریم الدین مؤظف پرنسپل جامع ٹیپو سلطان ، یس معین الدین پاشاہ صدر مائناریٹیز کریڈیٹ کو آپریٹیو سوسائیٹی ، معروف افسانہ نگار مشتاقؔ سعید، انٹرنیشنل قوال زاہد اﷲ خان اس نشست کے مہمانان خصوصی رہے۔یس معین الدین پاشاہ نے بہت ہی نپے تلے انداز میں حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کے تاریخی حالات پر روشنی ڈالی۔مشتاق ؔ سعید نے اس مجموعہ پر خوبصور ت تبصرہ پیش کیا۔ ڈاکٹر شعائر اﷲ خان وجیہی نے اپنے خطاب میں بتایا کہ سر زمین ٹیپو سلطان شہید ؒ پر ان پر لکھے مضامین کے مجموعہ کی رونمائی کا برسوں پراناخواب آج پورا ہوا۔اسی تمنا کو لیے وہ شہید پر لکھے مقامی اور بیرونی ممالک میں لکھے گئے مضامین کو اکھٹا کرنے میں لگے رہے۔ ایسے موقع پر مشتاقؔ سعید نے میسور سے حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ پر لکھے قریباً بیس مضامین اور منقبتِ ٹیپو سلطانؒ روانہ کر کے ان کی ارادوں کو تقویت پہنچائی۔ ان ہی کی ایماء پر حضرت ٹیپو سلطانؒ کی شہادت کی برسی کے موقع پر اس مجموعہ کی رسم رونمائی کا انتظام بھی کیا گیا۔ جس کا خوبصورت نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔اسی بہانے یہاں ٹیپو سلطان ؒ کی یادگاریں بھی پہلی بار دیکھنے کا موقع زاہد اﷲ خان اور سلمٰی صدیقہٰ نے فراہم کیا۔ بنگلور میں ان کے قیام کے دوران جناب مبین منور نے رامپورسے تشریف فرما ڈاکٹر شعائر اﷲ خان اوران کے ساتھیوں کا بہت ساتھ دیا اور وہاں وزیر اوقاف تنویر سیٹھ صاحب اور یم پی رحمن خان صاحب سے ملاقات کروائی۔ وہیں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد بھی کروایا۔ محترم تنویر سیٹھ صاحب نے اس موقع پرخوشی کا اظہار کیا کہ حضرت ٹیپو سلطان شہیدؒ کے پرستاروں کی ایک بڑی تعداد ساری دنیا میں بکھری ہوئی ہے جن کے مضامین کو یکجہ کر نا بہت مشکل امر ہے جسے ڈاکٹر شعائر اﷲ خان نے بہت محنت و مشقت سے اکھٹا کر دکھایا جس کی وجہ سے حضرت ٹیپو سلطان شہید ؒ کے کارناموں کوایک بار پھر سب کے سامنے رکھنے کا موقع عطا ہوا ۔وزیر موصوف نے ڈاکٹرشعائر اﷲ خان کو حضرت ٹیپو سلطانؒ کی فاتحہ خوانی کے موقع پر اپنے قریب ہی رکھا اور عشائیہ کے موقع پر بھی ساتھ رکھا۔اس خوبصورت محفل کی نظامت سلمیٰ صدیقہ(وقف بورڈ خاتون کمیٹی ضلع میسور کی نمائندہ )نے بہت خوبصورت انداز میں فرمائی۔مجموعہ کی رسم رونمائی سے قبل قریباً آدھ گھنٹہ انٹر نیشنل قوال زاہداﷲ خان نے صوفیانہ قوالیاں پیش کیں اور سامعین کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔شہر میسورمیں ڈاکٹر شعائر اﷲ خان وجیہی اور ان کے ساتھیوں کی رہائش کا انتظام ان کے ایک غیر ملکی پرستار فیروز احمد صیفی نے امریکہ سے کیا۔ (رپورٹ : مشتاقؔ سعید، میسور)