حق داروں اور کمزوروں تک حق پہنچانے سے معاشرہ خوشحال ہوگا:محمدطالب علی پٹیل

03:53PM Mon 9 Jan, 2017

بیواؤں اور دیہات کے مردوخواتین میں اردوتنظیم نے رضائیاں مفت تقسیم کیں بیدر۔(بھٹکلیس نیوز)خواتین اماں عائشہؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے بچوں کو اسلام کی تعلیم سے آراستہ وپیراستہ کرنے کی کوشش کریں۔ مائیں جیسی ہوتی ہیں اولادیں بھی ویسی ہی ہوتی ہیں۔ یہ بات بزرگ سماجی کارکن اور سینئر سیاستداں جناب محمدطالب علی پٹیل بھاتمرہ نے کہی۔ وہ کل یاران ادب کے دفتر موقوعہ مسیح الدین احمد قریشیہ الماس میموریل ہال ، تعلیم صدیق شاہ بیدر میں اردو تنظیم یاران ادب بیدر کی جانب سے مفت رضائیوں کی تقسیم تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے مزید کہااوروں کے لئے خود کو لگادینا اہم ہے ۔ حق داروں تک اور کمزوروں تک حق پہنچانے میں جتنی جلدی کی جائے گی ،معاشرہ اتنا خوشحال ہوگا۔اپنی حیثیت کے مطابق معاشرہ کی تعمیر کے لئے کام کریں۔بے جا تنقیدوں سے نہ ڈریں۔ تعمیری تنقید کا استقبال کریں۔بعدازاں بیدر کے مختلف محلہ جات پکھل واڑہ، تعلیم صدیق شاہ ، مستعیدپورہ، کے علاوہ املاپور اور وال دوڈی دیہاتوں کے مردوخواتین میں رضائیاں مفت تقسیم کی گئیں ۔رضائیاں حاصل کرنے کے بعد مستحق بیواؤں اور مردوخواتین نے بے شمار دعائیں دیں۔ جناب محمدامیرالدین امیرنے اپنے صدارتی خطاب میں مستحق مردو خواتین سے گزارش کی کہ اگر آپ مستحق ہیں تب ہی بلانکٹ حاصل کریں ۔ ایمانداری سے زندگی میں برکت ہوتی ہے۔ انہوں نے تمام کا شکریہ اداکیا ۔محمدایوب علی ماسٹرنیڈس نے مہمان اعزازی کی حیثیت سے شرکت کی۔ محمدیوسف رحیم بیدری نے نظامت کافریضہ انجام دیا۔محمدابرارالدین اور محمدعمران خان نے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی ۔