کمل ناتھ کی کانگریس وفد کے ساتھ آنندی بین پٹیل سے ملاقات، نئی حکومت سازی کا دعوی پیش
11:28AM Wed 12 Dec, 2018
مدھیہ پردیش کے صدر کمل ناتھ نے آج یہاں راج بھون میں گورنر آنندی بین پٹیل سے ملاقات کر کے نئی حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا اور اس سے متعلق خط بھی انہیں سونپا۔ کمل ناتھ نے خط سونپنے کے بعد راج بھون کے باہر میڈیا کو بتایا کہ کانگریس کے ساتھ کل 121 اراکین اسمبلی ہیں۔ اس سلسلے میں معلومات گورنر کو سونپ دی گئی ہے۔
اس سے پہلے کمل ناتھ ،سینئر لیڈر جیوترآدتیہ سندھیا ،دگوجے سنگھ اوردیگر لیڈران بھی راج بھون پہنچے۔ راج بھون کے باہر کانگریس کے حامیوں کی بھیڑ جمع ہے جو اپنے لیڈروں کی حمایت میں نعرے بازی کرتے ہوئے جشن منا رہے ہیں۔
امید ہے کہ گورنر نئی حکومت کی تشکیل کے لئے جلد ہی کانگریس کو مدعو کریں گی۔ وہیں دیر شام تک نئی حکومت کے وزیراعلی کے نام کے سلسلے میں بھی حتمی فیصلہ ہونے کا امکان ہے۔ اس کے بعد نئی حکومت کے حلف برداری کے پروگرام کو حتمی شکل دی جائے گی۔