کورونا سے مرنے والوں کی بے رحمی کے ساتھ تدفین: بلاری ضلع کا ویڈیو ہوا وائرل

12:07PM Tue 30 Jun, 2020

بلاری: 30 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو کافی تیزی کے ساتھ وائرل ہورہا ہے جس میں پی پی ای پہنے کچھ اہلکار الگ الگ کالے تھیلوں میں لاشوں کو ایک گڑھے میں پھینک رہے ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے جیسے مرغیوں کو پھینکا جارہا ہے۔ ویڈیو میں ایک شخص کنڑا میں آہستہ سے لاشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے کہہ رہا ہے۔ اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد ان اہلکاروں کی کڑی مذمت کی جارہی ہے اور اسے لاشوں کی بے حرمتی سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ ویڈیو کے تعلق سے ابھی حتمی طور پر کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے لیکن جس شخص نے اسے سب سے پہلے یوٹیوب میں ڈالا تھا اس کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو بلاری ضلع کا ہے۔ بلاری ضلع کے ڈپٹی کمشنر ایس ایس نکول کا کہنا ہے کہ انہیں بھی اس وائرل ویڈیو کا پتہ چلا ہے اور وہ اس سلسلہ میں تحقیقات کر رہے ہیں۔ انہوں نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ بلاری میں صوموار کے روز کورونا سے 12 اموات ہوئیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ویڈیو کی تحقیقات کے لیے افسران کو ہدایت دی گئی ہے۔ ڈی سی کا کہنا تھا کہ ضلع میں منگل تک کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 29 کو پہنچ گئی تھی۔ واضح رہے کہ اسی طرح کا ایک معاملہ کچھ روز قبل پانڈوچیری میں پیش آیا تھا جس کی خبر ملنے پر ان اہلکاروں کو معطل کیا گیا تھا۔