ایچ ایس برہما نے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا
04:06PM Sat 17 Jan, 2015
بھٹکلیس نیوز/17جنوری،15
دہلی اسمبلی انتخابات پرامن طورپر انجام دینا پہلی ترجیح
نئی دہلی (یو این آئی) نئے چیف الیکشن کمشنر ہری شنکر ہرہما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی اولین ترجیح دہلی اسمبلی انتخابات کو پر امن اور آزادانہ طورپر انجام دینا ہے ۔ مسٹر برہما نے آج 19 ویں چیف الیکشن کمشنر کی حیثیت سے چارج سنبھالنے کے بعد یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا اصل ہدف انتخابی بندوبست کو کارگر بنانا ہے ، مگر ان کی پہلی ترجیح اور ہدف دہلی میں اسمبلی انتخابات کو غیر جانبدارانہ اور آزادانہ طورپر انجام دینا ہے ۔ وہ مسٹر وی ایس سمپت کے جانشیں کی حیثیت سے اس عہدے پر تعینات ہوئے ہیں جو معمول کے مطابق سبکدوش ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی کوشش الیکشن کمیشن کے وقار اور شبیہ کو برقرار رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ \"مجھے یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہورہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک میں انتخابی بندوبست کا ایک اعلی معیار قائم کیا ہے ۔ 19 اپریل 1950 کو پیدا ہونے والے مسٹر ایچ ایس برہما 25 اگست 2010 کو الیکشن کمیشن کے ممبر بنے تھے ۔ آندھراپردیش کیڈر کے 1975 بیچ کے آئی اے ایس آفیسر مسٹر ہری شنکر برہما نے کہا کہ وہ اپنے ملک اور حکومت کی طرف سے تفویض کی گئی اس ذمہ داری سے کافی فخر محسوس کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ہم ہر روز اور ہر سال سدھار کریں۔ ہم اپنے ہی کام کو احترام کرتے ہیں اور ہر شعبہ میں کارکردگی کا معیار بہتر بنانے کی کوشش کریں گے \"۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کے کام کاج میں شفافیت اور تیزی لائیں گے اور یہ کوشش بھی ہوگی کہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کریں، خواہ وہ انٹرنیٹ ہو یا ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، تاکہ انتخابی بندوبست بالخصوص ووٹنگ کے انتظام می سدھار اور سہولت ہو۔مسٹر برہما نے یہ بھی کہا ہ وہ عدالت عظمی کے حکم کی تعمیل کرتے ہوئے غیر مقیم ہندوستانیوں کو ووٹنگ کا اختیار دینے کے لئے بنیادی تیاریاں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ 25 جنوری کو قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر الیکٹرانک رول منیجمنٹ سسٹم (ای آر ایم ایس)کی شروعات بھی کریں گے جس کے تحت کوئی بھی ووٹر اپنا نام اور دیگر تفصیلات ووٹر لسٹ میں دیکھ سکتے ہیں۔
...
ع،ح،خ