مسلمان کو صلح کرنے والا بننا چاہئے ، نہ کہ تنازع کو طول دینے والا ، پٹنہ میں امام حرم کی میڈیا سے گفتگو

11:33AM Sun 3 Apr, 2016

پٹنہ : امام حرم شیخ صالح محمد بن ابراہیم آل طالب اپنے دورہ ہندوستان کے دوران آج پٹنہ پہنچ گئے ہیں ۔ان کا ائیر پورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ بعد میں انہوں نے میڈیا سے بھی گفتگو کی ۔ پٹنہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان آکر بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے ترقی کی ہے ، لیکن کہیں بھی امن و سکون نہیں ہے۔ مسلمان کو صلح کرنے والا بننا چاہئے ، نہ کہ جھگڑے کو طول دینے والا۔ ساتھ ہی ساتھ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف سبھی ممالک سے متحد ہونے کی بھی اپیل کی۔ توحید ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقد ہ امن کانفرنس میں امام حرم کو شرکت کرنی تھی ، لیکن امام حرم کی ایک دن کی تاخیر سے پٹنہ آمد ہوئی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے امام حرم نے کہا کہ سعودی عرب ان ممالک کی مدد جاری رکھے گا ، جو مالی اعتبار سے کمزور ہیں اور جہاں کے لوگ مظلوم ہیں۔ سعودی عرب مظلوموں کی بلا تفریق مذہب و ملت مدد کرتا ہے۔ امام نے دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مخالفت کی اور کہا کہ آج مسلمان اور اسلام کے نام سے دہشت گردی کو جوڑا جاتا ہے ، جبکہ اسلام امن و سلامتی کا مذہب ہے اور لوگوں کو بلاتفریق مزہب و ملّت امن کا پیغام دیتا ہے۔ اسلام کا تعلق دہشت گردی سے نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے امن و سلامتی کا پیغام عام ہوا ہے، اسلام میں کسی کا بھی قتل جائز نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے سبب آج سب سے زیادہ نقصان مسلمانوں کا ہو رہا ہے۔ امام حرم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم ملکوں میں غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کی حفاظت حکومتیں کرتی ہیں۔