بی جے پی مخالف ووٹوں کی تقسیم کرکے بی جے پی کی مدد کر رہی ہے کانگریس: کیجریوال کا الزام
01:52PM Tue 5 Mar, 2019
لوک سبھا انتخابات میں عام آدمی پارٹی کے ساتھ اتحاد سے منع کرنے کے بعد وزیراعلی اروند کیجریوال نے کانگریس کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی مخالف ووٹوں کی تقسیم کرکے وہ بی جے پی کی مدد کررہی ہے ۔ دہلی کانگریس کی صدر اور سابق وزیر اعلی شیلا دیکشت نے منگل کو پارٹی صدر راہل گاندھی کے ساتھ میٹنگ کے بعد اعلان کیا کہ دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں کے لیے عام آدمی پارٹی کےساتھ کسی طرح کا اتحاد نہیں ہوگا۔پچھلے کئی دنوں سے ایسی قیاس آرائیاں زوروں پر تھیں کہ عام آدمی پارٹی اور کانگریس مل کر لوک سبھا انتخاب لڑیں گی ۔
اتحاد نہ کرنے کے اعلان کے بعد کیجریوال نے ٹوئیٹ کیا’’ ایسے وقت جب پورا ملک مودی اور شاہ کی جوڑی کو ہرانا چاہتا ہے، بی جے پی مخالف ووٹوں کو تقسیم کرکے کانگریس اس کی مدد کررہی ہے ۔ انھوں نے کہا،’’ایسی افواہیں ہیں کہ کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ سازباز ہوئی ہے ۔‘‘دہلی بی جے پی اور کانگریس کے اتحاد سے مقابلہ کے لیے تیار ہے۔عوام اس غیر اخلاقی اتحاد کو شکست دیں گے ۔
عام آدمی پارٹی حالانکہ سنیچر کو ہی دہلی کی سات لوک سبھا سیٹوں میں سے چھ پر اپنے امیدواروں کا اعلان کرچکی ہے۔ پھر بھی وہ اس امید میں تھی کہ دونوں پارٹیاں مل کر انتخاب لڑیں اور کانگریس کی طرح سے تجویز آّنے پر غوروخوض کے لیے تیارتھی ۔