ہندوستان میں ٹیکنیکل کورسس کے طلبہ کیلئے زیادہ مواقع: پرمیشور

01:27PM Tue 14 Aug, 2018

ٹمکور:14؍اگست (سالارنیوز) تعلیم یافتہ نوجوانوں خصوصاً ہنر مندی پر مبنی تعلیم حاصل کرنے والوں کیلئے ہندوستان میں بہت سارے مواقع ہیں، ان کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے طلبہ کو اپنے مستقبل کو سنوار نے کیلئے آگے آنا ہوگا۔یہ بات نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔ انہوں نے یہاں سدارتھا ٹیکنیکل کالج میں 40ویں بیاچ کے انجینئرنگ طلبہ کے لئے منعقدہ خیر مقدمی جلسے میں شرکت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ طالب علمی کے دور میں پورے ڈسپلن، صبر اور محنت و لگن کے ساتھ پڑھائی کرنی ہوگی اور عظیم شخصیات کے اصولوں کو اپنا کرزندگی گزارنی ہوگی۔ڈاکٹر پرمیشور نے کہا کہ ہمارا ملک ہندوستان تعلیم، صنعت اور صحت کے شعبے میں بڑی تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے اس رفتار میں مستقبل کے انجینئروں کا کردار اہم ہے، سدارتھا تعلیمی ادراے میں تمام سہولتیں دستیاب ہیں۔بیلگاوی کی وشویشوریا ٹیکنیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ایس راج شیکھریا نے کہا کہ بھگوان نے ہمیں سوچنے اور فیصلہ کرنے کی صلاحیت دی ہے اس لئے ہر طالب علم کو چاہئے کہ وہ اپنے مستقبل کی فکر کرے اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہئے کہ بچوں کے مستقبل کی فکر کریں اور طالب علمی کے زمانے میں بچہ کی ہر سرگرمی پر گہری نظر رکھیں اور اس کی صحیح رہنمائی اور ہمت افزائی کریں۔ اسرو کے سربراہ و معروف سائنس دان بی کے وینکٹ رامو نے بھی خطاب کیا ۔جلسہ کی صدارت سدارتھا تعلیمی اداروں کے صدر ماروتی نے کہی۔ ایس وی ایس پرساد، پرنسپل ایم کے ویریا، ڈین ڈاکٹر سدپا، ڈاکٹر ایم زیڈ گرین، ڈاکٹر کروناکر اور دیگر شریک تھے۔