بھٹکل کی جمعہ مساجد میں عید الفطر کی دوگانہ ادا کی گئی؛ علماء کے ایمان افروز بیانات
01:21PM Mon 26 Jun, 2017
بھٹکلیس نیوز / 25 جون،2017
بھٹکل / (رضوان گنگاولی) بھٹکل سمیت منکی ، ہوناور ، کمٹہ ،شیرور، کنداپور،اڈپی،منگلور وغیرہ میں آج اتوار کے روز عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ بھٹکل میں بارش ہونے کے پیش نظر تمام جمعہ مساجد میں عید کی دوگانہ ادا کی گئی جہاں علماء نے معاشرہ کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھتے ہوئے اپنے ایمان افروز خطابات کے ذریعہ مسلمانوں کے دلوں کو جھنجوڑنے کی کوشش کی۔
اس موقع پر شہر کی جامع مسجد میں خطاب کرتے ہوئے امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے نوجوانوں کی دین بیزاری پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اپنے نونہالوں کو شہر سے باہر تعلیم کے لئے بھیجنے کے بجائے شہر کے ہی اداروں میں داخل کرائیں تاکہ ان کے اخلاق اور ایمان کی حفاظت ہوسکے۔مولانا نےمعاشرہ میں نوجوانوں کے ذریعہ دین کا مذاق اڑانے اور اور ماں باپ کی نافرمانیوں پر تشویش کااظہار کیا اور سرپرستوں سے اس جانب توجہ دینے کی بات کہی ۔
خلیفہ جامع مسجد بھٹکل کے امام وخطیب مولانا خواجہ معین الدین اکرمی ندوی مدنی نے بھی اپنے بیان میں مفید نصیحتیں کیں ۔ انہوں نے اس مبارک دن پر اپنے دلوں کو مسلمانوں کی دشمنی سے پاک کرنے کا درس دیتے ہوئے کہا کہ عید کے دن بھی جس کے دل میں اپنے بھائی کے لئے کینہ ہو اس کو پھر عید منانے کا حق نہیں ہے۔
مولانا محترم نے جہاں نوجوانوں کو اپنے اخلاق کا اعلیٰ نمونہ پیش کرنے کی ترغیب دی وہیں عورتوں کو بھی باپردہ رہنے اور مغربی تہذیب کو نہ اپنانے کی تاکید کی ۔
اس کے علاوہ مولانا انصار مدنی صاحب نے نوائط کالونی کی تنظیم ملیہ مسجد میں،مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی صاحب نے مخدومیہ جامعہ مسجد میں،مولانا زکریا صاحب ندوی مدینہ جمعہ مسجد میں،مولانا جعفر فقیہ ندوی صاحب نے مسجد احمد سعید میں، مولانا اقبال نائطے ندوی صاحب نے حمزہ جمعہ مسجد میں، مولانا امین ندوی صاحب نے نورجمعہ مسجد میں خطاب کیا۔
عید کے اس خطاب کے بعد مسلمانوں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔
عید کے دن کے مکمل بیانات سننے کے لئے نیچے دی گئی لنک پر کلک کریں۔
مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی صاحب
http://www.bhatkallys.com/audio/?sermon_id=4240
مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی صاحب
http://www.bhatkallys.com/audio/?sermon_id=4239
مولانا انصار خطیب مدنی صاحب
http://www.bhatkallys.com/audio/?sermon_id=4241