سعادت اللہ حسینی جماعت اسلامی ہند کے امیرمنتخب، مجلس نمائندگان نے نوجوان پرکیا بھروسہ
11:56AM Sun 7 Apr, 2019
جماعت اسلامی ہند کا نیا امیرانجینئرسید سعادت اللہ حسینی کوبنایا گیا ہے وہ مولانا جلال الدین عمری کی جگہ لیں گے۔ سعادت اللہ حسینی کا انتخاب 2019 سے 2023 تک چارسالوں کے لئےکیا گیا ہے۔ وہ مولانا سید جلال الدین عمری کی جگہ لیں گے۔ سعادت اللہ حسینی اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن (ایس آئی او) کے دومرتبہ صدر بھی رہ چکے ہیں جبکہ جماعت اسلامی ہند میں نائب صدرعہدے کی ذمہ داری بھی نبھا چکے ہیں۔ اس کےعلاوہ وہ جماعت اسلامی ہند کے اسٹڈی اورریسرچ شعبہ کے ڈائریکٹربھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ادارہ تحقیق وتصنیف اسلامی، علی گڑھ کے تاحیات بورڈ ممبربھی ہیں۔
جماعت اسلامی ہند کےمجلس نمائندگان کے157 اراکین نے ان کا انتخاب پچھلے چاردنوں سے جاری مشاورت کے بعد کیا ہے۔ نوجوان سعادت اللہ حسینی کوبیشترنمائندگان کے ووٹ ملے۔ حالانکہ بتایا جارہا ہے کہ دوسرے نمبرپرٹی عارف علی رہے، گزشتہ باربھی امیر کے انتخاب میں ٹی عارف علی امیدوارتھے، تاہم وہ مولانا جلال الدین عمری کی جگہ لینے میں کامیاب نہیں ہوسکے تھے۔ مولانا جلال الدین عمری امیرجماعت کی ذمہ داری تین بارنبھا چکے ہیں۔
سید سعادت اللہ حسینی کا تعلق حیدرآباد سے ہے۔ حالانکہ ان کی پیدائش 1973 میں مہاراشٹر میں ہوئی تھی۔ وہ الیکٹرانکس اورٹیلی کمیونی کیشن میں انجینئرہیں۔ اس کے علاوہ وہ 12 کتابوں کے مصنف ہیں اورتقریباً 200 آرٹیکلس اردواورانگریزی میں شائع ہوچکے ہیں۔ وہ مختلف کمیٹیوں میں بھی ذمہ داری انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ جماعت اسلامی ہند کا طریقہ انتخاب دوسری تنظیموں سے بالکل مختلف ہے۔ اس تنظیم میں کسی بھی شخص پربحث کی جاتی ہے اوراتفاق رائے بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ تمام مجلس نمائندگان کو متفق کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، تاہم جب تمام کوششوں کے باوجود دوسرا شخص بھی اس عہدے کے قابل ہوتا ہے توپھران میں انتخاب کرایاجاتا ہے۔ اس سے قبل اس عہدے پرمولانا سید جلال الدین عمری کے علاوہ ڈاکٹرعبدالحق انصاری، مولانا محمد سراج الحسن، مولانا محمد یوسف اورمولانا ابواللیث اصلاحی ندوی جماعت اسلامی کے امیرعہدے پرفائزرہ چکے ہیں۔