کرکٹ کا سب سے حیرت انگیز وکٹ ، گیند باز نے چڑیا کو ماری گیند اور بلے باز ہوگیا بولڈ !۔
12:26PM Sun 22 Jul, 2018
Share:
کرکٹ کے میدان میں کئی مرتبہ عجیب و غریب انداز میں بلے بازوں کو آوٹ ہوتے دیکھا گیاہے ، لیکن آسٹریلیا میں شیفیلڈ ٹرافی کے دوران جس طرح سے ایک بلے باز بولڈ ہوا ، ایسا کرکٹ کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھا گیا ۔ اس میچ میں گیند باز نےچڑیا کو گیند ماری ، جس کی وجہ سے بلے باز بولڈ ہوگیا ۔ یہ گیند کسی اور نے نہیں بلکہ ٹیم انڈیا کے سابق کوچ اور آسٹریلیا ئی بلے باز گریگ چیپل نے پھینکی تھی۔
سال 1969-70 میں شیفیلڈ ٹرافی میں ساوتھ آسٹریلیا اور ویسٹرن آسٹریلیا کے درمیان میچ کھیلا جارہا تھا ۔ ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے اس مقابلہ میں گریگ چیپل نے ویسٹرن آسٹریلیا کے کھلاڑی جان انویراریٹی کو گیند پھینکی ، گیند بلے باز تک پہنچتی اس سے قبل ہی وہ ایک اڑتی چڑیا کو لگ گئی ، جس کی وجہ سے گیند کی سمت تبدیل ہوگئی اور جان بولڈ ہوگئے ۔ بلے باز کو کچھ سمجھ میں نہیں آیا کہ یہ کیا ہوا اور وہ پویلین لوٹ گئے ۔
تاہم بعد میں امپائروں نے دیکھا کہ چیپل کی گیند ایک چڑیا کو لگی تھی ۔ وہ چڑیا وکٹ کے پیچھے مری ہوئی برآمد ہوئی ، جس کے بعدامپائروں نے بلے باز جان کو واپس بلایا ۔ میچ میں جان نے 89 رن بنائے ۔ جان کے آوٹ ہونے کو کرکٹ کی تاریخ کے سب سے حیرت انگیز واقعات میں سے ایک بتایا جاتا ہے۔