پی یو سی دوم کا فیزیکس پرچہ امتحان شروع ہونے کے ایک گھنٹے میں ہی ہوا لیک؛ نہیں ہوگا دوبارہ امتحان
04:07PM Wed 4 Mar, 2020
وجئے پور: 04 مارچ،2020 (بھٹکلیس نیوز بیورو) پی یو بورڈ کی جانب سے سخت حفاظتی انتطامات اور نقل نویسی روکنے کی لاکھ کوششوں کے باوجود آج پی یو سی دوم کے امتحان کے پہلے دن ہی ایک گھنٹے کے اندر فیزیکس کا امتحانی پرچہ لیک ہوگیا ہے۔
اطلاع کے مطابق وجئے پورا کی ایک نجی کالج کے امتحانی نگران نے امتحان شروع ہونے کے ایک گھنٹے کے اندر ہی امتحانی پرچے کی تصویر سوشیل میڈیا پر وائرل کردی جو گھومتے گھومتے پورے ضلع میں گردش کرنے لگی۔
تاہم ضلع کے ڈپٹی کمشنر وائی ایس پاٹل نے کہا ہے کہ چونکہ امتحان شروع ہونے کے ایک گھنٹے بعد تصویریں وائرل ہوئیں ہیں اس لیے کرناٹکا ایجوکیشن ایکٹ 24 کے تحت اس کو لیک نہیں مانا جائے گا اور نہ ہی اس پرچے کا دوبارہ امتحان ہوگا۔
واضھ رہے کہ سائنس شعبہ کے طلبہ کے لیے فیزیکس کا امتحان کافی مشکل مانا جاتا ہے ایسے میں اگر اس طرح کی حرکتوں سے امتحان دوبارہ دیا جانا پڑتا ہے تو پھر طلبہ کو مشکلوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔