فلسطینی صدر کی غزہ کی پٹی پراسرائیلی بمباری کی شدید مذمت
11:55AM Sun 5 May, 2019
فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فلسطینی قوم کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کی غزہ کی پٹی پر بمباری کے بعد صدرعباس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صہیونی ریاست کے فلسطینیوں کے خلاف جرائم پر خاموشی اسرائیلی جرائم کی حوصلہ افزائی کا سبب بن رہی ہے۔
ادھر ہفتے کے روز اسرائیلی فوج کی بمباری میں اورایک اور فلسطینی شہید ہو گیا۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 25 سالہ خالد محمد ابو قلیق شمالی غزہ میں بیت لاھیا کے مقام پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوا۔
قبل ازیں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں ایک بچی صبا ابو عرار جام شہادت نوش کر گئی تھی۔اسرائیلی فوج کی طرف سے غزہ پر مسلسل بمباری روکنے کے لیے فلسطینی حکومت نے اقوام متحدہ سے مداخلت کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب غزہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیموں پر مشتمل کنٹرول روم کی طرف سے کہا گیا ہے کہ غزہ کے اطراف میں مزاحمت کاروں کی طرف سے میزائل داغے گئے ہیں۔ یہ میزائل اور راکٹ اسرائیلی فوج کی غزہ پر فوج کشی کے جواب میں داغے گئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ سے قریبا 200 میزائل اور راگٹ فائر کیے گئے۔ ساتھ ہی فلسطینی مزاحمت کاروں کے خلاف سخت کارروائی کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔ ہفتے کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی تمام گذرگاہیں بند کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔