بشارالاسد کے جرائم کے خلاف امریکا، سعودی عرب متفق
04:22PM Sun 9 Apr, 2017
امریکی وائیٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شام میں بشارالاسد کے فوجی اڈے پر میزائل حملوں کی مکمل تائید اور حمایت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسد رجیم کے جرائم کی روک تھام کے لیے سعودی عرب اور امریکا کے موقف میں مکمل ہم آہنگی پائی جا رہی ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وائیٹ ہاؤس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیاہے کہ سعودی فرنانروا نے بشارالاسد کے نہتے شہریوں پر مظالم کی روک تھام کے لیے جوابی کارروائی کی ضرورت سے اتفاق کیا ہے۔ امریکا کا بھی اس بارے میں یہی موقف ہے۔
دونوں دوست ملکوں نے شام میں چار اپریل کو خان الشیخون کے مقام پر ہونے والے کیمیائی حملے کے بعد اس جرم کے مرتکب اسد رجیم کو سزا دینے کی حمایت کی تھی۔ امریکا اور سعودی عرب نے خان الشیخون میں کیمیائی حملوں میں ایک سو عام شہریوں کی ہلاکت اور چار سو کے زخمی ہونے کی ذمہ داری بشارالاسد پرعاید کرتے ہوئے اس کے جرائم کی روک تھام کی ضرورت سے اتفاق کیا تھا۔
جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں میزائل حملے کے بعد سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو ٹیلیفون کرکے اس کی تفصیلات بتائی تھیں۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے امریکی حملے کو بروقت اور جرات مندانہ قرار دیتے ہوئے اس کی مکمل حمایت کا اعلان کیا تھا۔