یوگی حکومت کے خلاف لاکھوں اساتذہ کریں گے اجتماعی چھٹی، سڑک پر اترنے کا اعلان

03:57PM Fri 3 Jan, 2020

اتر پردیش میں یوگی حکومت کی پالیسیوں سے ناراض لاکھوں اساتذہ نے اجتماعی چھٹی پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 21 جنوری کو اساتذہ نے اجتماعی چھٹی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سڑکوں پر اترنے کی بات بھی کہی ہے۔ اس کے لیے ریاست کے بیسک ایجوکیشن افسر کے پاس اجتماعی طور پر درخواست بھی بھیجا گیا ہے۔
خبروں کے مطابق ریاست کے پرائمری اور اَپر پرائمری اسکولوں کے تقریباً پانچ لاکھ اساتذہ نے تعطیل پر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اساتذہ لگاتار ریاست کے سرکاری اسکولوں کے اسٹرکچر، بنیادی سہولیات کی کمی، ملازمین کی کمی کو پورا کرنے اور اساتذہ کے لیے پنشن کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ لیکن ریاست کی یوگی حکومت لگاتار ان کے مطالبات کو نظر انداز کر رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مطالبات کو لے کر اتر پردیش ٹیچرس ایسو سی ایشن نے نومبر 2019 میں نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر دنیش شرما سے بات بھی کی تھی، لیکن بات چیت ناکام رہی تھی۔
 اساتذہ کے اہم مطالبات اس طرح ہیں:
  • حکومت پرانی پنشن اسکیم نافذ کرے
  • مفت علاج کی سہولت کا فائدہ دے
  • یکساں کام کے لیے یکساں تنخواہ دے
  • یکساں خدمات کی شرطیں بااثر بنائے
  • خالی اساتذہ کے عہدوں کو بھرے
اساتذہ کا کہنا ہے کہ ’’سیلفی بیسڈ پریرنا ایپ سے اساتذہ کی نگرانی تو کی جا رہی ہے لیکن حکومت کو یہ بھی پتہ ہونا چاہیے کہ کلاس میں پنکھے، فرنیچرس، بجلی اور صفائی ملازمین کی کتنی کمی ہے۔ حکومت اسکولوں کی بنیادی سہولیات پر کوئی بھی دھیان نہیں دے رہی ہے۔ اس لیے ایسو سی ایشن نے 21 جنوری کو ریاست کے سبھی سطح کے اسکولوں اور کالجوں میں تالابندی کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔‘‘