پاکستان کو ڈرایا نہیں جا سکتا، ہم اپنی سر زمین کی حفاظت کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں :شریف
01:15PM Wed 16 Nov, 2016
اسلام آباد، (ایف او یس)
پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف نے آج کہا کہ پاکستان ہندوستان کی چالوں سے خوفزدہ نہیں ہو سکتا اور اس کے تحمل کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے ۔شریف نے دھمکی آمیز لہجہ میں کہا کہ ان کے ملک میں کسی بھی فوجی کارروائی سے اپنی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت ہے۔قابل ذکرہے کہ ایک دن پہلے ہی پاکستانی فوج نے اعتراف کیا تھا کہ بھیم بیر علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی)پر ہندوستانی فوجیوں کی فائرنگ میں اس کے سات جوان مارے گئے۔ایل او سی پر حالات کا جائزہ لینے کے لیے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ پاکستان ایسی چالوں سے خوف زدہ نہیں ہو سکتا اور ہم کسی بھی جنگی صورت حال کے خلاف اپنی سرزمین کی حفاظت کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ایکسپریس ٹربیون کی خبر کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستان ہندوستان کی فائرنگ کی صورت میں مکمل صبر اور تحمل سے کام لے رہا ہے جسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے ۔7پاکستانی جوانوں کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ہندوستانی فورسز کی طرف سے ایل او سی پر جان بوجھ کر کشیدگی بڑھانے سے علاقائی امن اور سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ یہ کشمیر میں ہندوستانیوں کی ظلم وزیادتی سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی ہندوستانی حکام کی بیکار کوشش ہے۔شریف نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا نوٹس لے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری سیکورٹی فورسز فائرنگ میں پہل نہیں کرتی لیکن کسی بھی حملے کا جواب منہ توڑ طریقے سے دیا جائے گا ۔فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کل فوجیوں کی ہدایت دی تھی کہ ایل او سی پر ہندوستان کی فائرنگ کا مؤثر طریقے سے جواب دیا جائے۔