ریاستی پبلک اسکول منصوبہ کے تحت پہلے انگلش میڈیم اسکول کا منکی میں رکن اسمبلی کے ہاتھوں افتتاح

04:20PM Tue 25 Jun, 2019

بھٹکل: 25 جون، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاستی حکومت کے پبلک اسکول منصوبہ کے تحت منکی کے گولاڈکیری میں شروع ہونے والے انگریزی میڈیم اسکول کا افتتاح رکن اسمبلی سنیل نائک کے ہاتھوں کیا گیا۔ اس موقع پر رکن اسمبلی نے ایسے اسکولوں کو وقت کی ضرورت قرار دیا اور اپنی جانب سے مکمل تعاون دینے کی یقین دہانی کی۔ اس موقع پر طلبہ اور اساتذ کے ساتھ ساتھ ان کے سرپرستان بھی موجود تھے۔ خیال رہے کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے داخلے میں کمی اور والدین کی طرف سے انگلش میڈیم اسکولوں میں اپنے بچوں کے داخلے کے رجحان کو دیکھتے ہوئے  ریاستی حکومت کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں بھی انگلش میڈیم کی سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ بنایاگیا ہے۔ اس منصوبہ کے مطابق  نئے تعلیمی سال کے ساتھ ضلع شمالی کینرا کے سرسی اور کاروار جیسے 2تعلیمی اضلاع میں سے ہر ایک تعلیمی ضلع میں 13انگلش میڈیم اسکول کے لیے منظوری دی گئی تھی ۔فی الحال ہر اسمبلی حلقے میں 3مقامات پرسرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم کی سہولت دی گئی ہے۔ حالانکہ کنڑا حامی تنظیموں کی طرف سے اس اسکیم کی سخت مخالفت ہورہی ہے، لیکن حکومت نے سرکاری اسکولوں میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانے کے لئے اس منصوبے پر عمل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔