گایوں کی حفاظت کے درمیان گئوشالا میں 36 گایوں کی ہوئی موت، کون ہے اس کا ذمہ دار؟

02:22PM Fri 27 Jul, 2018

دارالحکومت دہلی کے دوارکا ضلع کے تھاولا تھانہ علاقے کے گھمن ہیرا گاوں میں ایک گئو شالا میں 36 گایوں کی موت ہوجانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ گاوں والوں کے ذریعہ ملی اطلاعات کے مطابق یہاں پرڈیڑھ سے دو ہزار گایوں کو رکھا جاتا ہے، لیکن ان کے کھان پان اور دیکھ بھال اورصحت کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے۔ گایوں کی موت کی یہ بڑی وجہ ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق تقریباً 9 ایکڑ میں گئو شالا کی باونڈری ہے اور تقریباً 20 ایکڑ میں زمین پر گئو شالا بنی ہوئی ہے۔ یہ گنوشالا ایک ٹرسٹ کے ذریعہ چلائی جارہی ہے۔ مقامی لوگوں کا ماننا ہے کہ اس گئو شالا کے نام پرایم سی ڈی سے تعاون بھی ملتا ہے۔
گئو شالا میں کافی پانی بھرا ہے اور گندگی بھی ہے۔ ساتھ ہی مچھر بھی کافی زیادہ ہیں۔ گایوں کی موت کے پیچھے گندگی اورکیچڑ سے ہوا انفکشن سمجھا جارہا ہے۔ اس بارے میں ڈی سی پی (دوارکا) اینٹوالفانس کے مطابق گمن ہیڑاعلاقے کے چھاولا میں کل 36 گایوں کی موت ہوئی ہے۔ گائیں آچاریہ سشیل کی بتائی جارہی ہیں۔ ڈی سی پی نے کہا کہ ابتدائی طورپر لگ رہا ہے کہ سبھی گایوں کی موت بیماری کی وجہ سے ہوئی ہے۔ گئو شالا کے آس پاس بھی پانی بھرا ہوا تھا۔ موقع پر پولیس ٹیم ویٹرنری محکمہ کے لوگ موجود ہیں، جو بھی لاپرواہی ہوگی پولیس کے ذریعہ کارروائی کی جا ئے گی۔ وہیں جنوبی ایم سی ڈی کی میئرنریندرچاولہ کا کہنا ہے کہ جہاں گایوں کی موت ہوئی ہے، وہ گئو شالا دہلی حکومت کے ماتحت ہے۔ ہم صرف آوارہ / بیمار گایوں کو ٹھیکیداروں کی معرفت وہاں بھجوا دیتے ہیں۔ گئو شالا کا انتظام وانصرام اور دیکھ بھال سب دہلی حکومت کے ماتحت ہے۔ دوسری طرف دہلی حکومت نے کارپوریشن کے میئرپراپنی ذمہ داری پوری نہ کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔