مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل پرکاش جاویڈکر کے مرکزی یونیورسٹیوں کے دورے کا خیر مقدم: کرسا
09:21AM Sun 25 Sep, 2016
ہم پرکاش جاویڈکر کے اے ایم یو دورے کو تاریخی بنانے کے لئے پُر عزم: ڈاکٹر جسیم محمد
علی گڑھ24؍ستمبر: سینٹرل یونیورسٹیز ریسرچ اسکالر ایسو سی ایشن( کرسا) نے مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکرکے مرکزی یونیورسٹیوں خصوصی طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور حیدر آباد سینٹرل یونیورسٹی کے دورے اور وہاں کے طلبأ سے براہِ راست گفت و شنید کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر جاویڈ کر کا یہ ایک تاریخ ساز اقدام ہے جو ماضی میں کسی بھی مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل نے نہیں اٹھایا۔
سینٹرل یونیورسٹیز ریسرچ اسکالر ایسو سی ایشن( کرسا) کے صدر ڈاکٹر جسیم محمد نے بتایا کہ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر نے مرکزی حکومت اور طلبأ کے درمیانی فاصلوں کو کم کرنے کی غرض سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، جامعہ ملیہ اسلامیہ اور حیدرآباد سینٹرل یونیورسٹی کا دورہ کرکے طلبأ سے براہِ راست انٹریکشن کا فیصلہ کیا ہے جو کہ وزیرِ اعظم مسٹر نریندر مودی کی’’ سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ پالیسی کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر صرف مذکورہ یونیورسٹیوں کا ہی دورہ کرنے کا فیصلہ نہیں کیا ہے بلکہ ان کا فوکس مسلم اور دلت طلبأ ہوں گے تاکہ وہ مرکزی وزیر کے روبرو اپنے مسائل کو پیش کرسکیں اور مرکزی حکومت ان کو بہتر طور پر حل کرسکے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر چاہتے ہیں کہ طلبأ سے گفتگو کے بعد ہی وہ ان کے مرضی کے مطابق اعلیٰ تعلیم میں بہتر تبدیلیاں کریں جو طلبأ کے حق میں مفید ثابت ہونے کے ساتھ ان کے روشن مستقبل کی ضامن ہوں۔ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکرکی یہ پہل قابلِ ستائش ہے جس کا پُر زور خیر مقدم کیا جانا چاہئے کیونکہ اس فیصلے کے دور رس اور مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ڈاکٹر جسیم محمد نے کہا کہ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر کو فوری طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں مدعو کیا جانا چاہئے اور یہاں ان کا تاریخ ساز خیر مقدم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دورے سے توقع ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بجٹ میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے اور یونیورسٹی و طلبأ کے دیگر مسائل بھی حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرسامرکزی وزیر برائے فروغِ انسانی وسائل مسٹر پرکاش جاویڈکر کے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے دورے کو تاریخی بنانے کے لئے پُر عزم ہے۔