کرونا وائرس: سعودی عرب میں ایک دن میں 3121 نئے کیسوں کی تصدیق ،34 اموات
04:39PM Sat 6 Jun, 2020
سعودی عرب نے ہفتے کے روز کرونا وائرس کے 3121 نئے کیسوں کی تصدیق کی ہے۔یہ ایک دن میں کرونا کے کیسوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے جبکہ مملکت میں پہلے سے کرونا وائرس کا شکار 34 مریض وفات پا گئے ہیں۔
سعودی وزارت صحت کے مطابق اب کرونا وائرس کے کل تشخیص شدہ کیسوں کی تعداد 98869 ہوگئی ہے۔گذشتہ 24 گھنٹے میں دارالحکومت الریاض میں سب سے زیادہ کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان کی تعداد 900 ہے۔دوسرے نمبر پر ساحلی شہر جدہ میں 572 اورمکہ مکرمہ میں 279 نئے کیسوں کا اندراج کیا گیا ہے۔باقی کیس سعودی عرب کے دوسرے شہروں اور قصبوں میں سامنے آئے ہیں۔
وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کووِڈ-19 کاشکار مزید 34 افراد گذشتہ 24 گھنٹے میں وفات پاگئے ہیں اور اب مملکت میں کل اموات کی تعداد 676 ہوگئی ہے۔
دریں اثناء کرونا وائرس کے مزید 1175 مریض تن درست ہوگئے ہیں۔یوں سعودی عرب میں صحت یاب ہونے والے کل مریضوں کی تعداد 71791 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت نے جمعہ کو خبردار کیا تھا کہ وہ الریاض میں رپورٹ ہونے والے کرونا کے کیسوں کا جائزہ لے رہی ہے اور یہ بھی تعیّن کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ آیا دارالحکومت میں کرفیو سمیت دوبارہ سخت پابندیوں کے نفاذ کی ضرورت ہے۔
سعودی وزارت داخلہ نے گذشتہ روز جدہ میں سہ پہر تین بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن یہ کرفیو شہر کے ان علاقوں میں نافذ کیا جارہا ہے جہاں کرونا کے سب سے زیادہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
جدہ میں سرکاری اور نجی شعبے کے دفاتر اور کام کی جگہوں پر ملازمین کی حاضری پر پابندی لگا دی گئی ہے اور مساجد میں پنج وقتہ نمازوں کی ادائی بھی ایک مرتبہ پھرمعطل کردی گئی ہے۔