سکینڈ پی یو کیمسٹری کا امتحان 31؍مارچ کو ہوگا
04:34AM Fri 25 Mar, 2016
بھٹکلیس نیوز ؍ 25 مارچ، 16
بنگلورو؍ (نامہ نگار) پی یو سی سال دوم کے امتحانات میں 21 مارچ کو ہوئے کیمسٹری کے امتحان (نئے نصاب) کا سوالنامہ افشاء ہونے کے بعد محکمہ پی یو بورڈ نے ریاستی وزیر برائے پرائمری و سکینڈری تعلیم کمنے رتنا کر کی مداخلت اور کونسل کے اسپیکر مری تبے گوڈا سمیت مختلف عوامی منتخب نمائندوں کے دباؤ کے بعد کیمسٹری کا دوبارہ امتحان 29؍مارچ کے بجائے 31؍مارچ 2016 کو منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کونسل کے اسپیکر مری تبے گوڈا کی صدارت میں منعقد اجلاس میں ریاستی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ایس آر پاٹل اور اسمبلی کونسل میں مختلف پارٹیوں کے رہنماؤں نے حصہ لیا اور طلبا کے مفادات کو مد نظر رکھتے ہوئے امتحان کی تاریخ بدلنے کے متعلق متفقہ فیصلہ کیا۔ محکمہ پرائمری و سکینڈری تعلیم میں حکومت کے پرنسپل سکریٹری اجئے سیتھ نے بتایا کہ کیمسٹری کے امتحان کو 29؍مارچ کےبجائے 31؍مارچ کو منعقد کرنے کے لئے انہوں نے محکمہ پی یو بورڈ کو ہدایت دی ہے۔