وراٹ کوہلی کا تاریخی کارنامہ،آئی سی سی کے ٹاپ 3 ایوارڈس جیتنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہندوستانی کپتان

12:13PM Tue 22 Jan, 2019

ٹیم انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کا آئی سی سی ایوارڈ میں دبدبہ واضح طورپرنظرآرہا ہے۔ وہ کرکٹ تاریخ میں آئی سی سی کے ٹاپ 3 ایوارڈ جیتنے والے پہلے کرکٹربن گئے ہیں۔ کوہلی نے آئی سی سی کرکٹرآف دی ایئرکے لئے دی جانے والی 'سرگارفیلڈ سوبرس ٹرافی' کے علاوہ 'آئی سی سی ٹسٹ پلیئرآف دی ایئر' اور'آئی سی سی ونڈے پلیئرآف دی ایئر' کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔ اس کے علاوہ ٹیم انڈیا کو اپنی کپتانی میں زبردست کامیابی دلارہے وراٹ کوہلی کو ونڈے اورٹسٹ ٹیم کا کپتان بنایا گیا ہے، جو کہ بہت بڑا اعزازہے۔ ٹسٹ ٹیم میں کپتان کوہلی کے علاوہ رشبھ پنت اورجسپریت بمراہ کو جگہ ملی ہے۔ وہیں ونڈے میں کپتان کوہلی کے ساتھ روہت شرما، کلدیپ یادو اورجسپریت بمراہ کو شامل کیا گیا ہے۔ سچ کہا جائے تو دونوں ٹیموں میں ہندوستان اورانگلینڈ کا دبدبہ واضح طورپرنظرآرہا ہے۔
 وراٹ کوہلی نے ایوارڈس کی مدت میں 13 ٹسٹ میچوں میں 55.08 کی اوسط سے 1322 رن بنائے، جس میں پانچ سنچری شامل ہے جبکہ 14 ونڈے میں انہوں نے 133.55 کی اوسط سے 1202 رن اپنے نام کئے اوراس دوران 6 سنچری ان کے بلے سے نکلی۔ ٹسٹ اورونڈے کے علاوہ انہوں نے 20 بین الاقوامی میچوں میں 211 رن بھی بنائے۔
تیس سالہ وراٹ کوہلی پہلی بار2008 میں لائم لائٹ میں آئے تھے، جب انہوں نے ملیشیا میں منعقدہ آئی سی سی انڈر-19 عالمی کپ جیتا تھا۔ سال 2018 میں وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی کرکٹ میں 2735 رن بنائے ہیں، جوکہ ریکارڈ ہے۔ یہی نہیں انہوں نے مسلسل تیسرے سال کرکٹ میں 2500 سے زیادہ رن بنائے ہیں اوریہ عالمی ریکارڈ ہے۔ وراٹ نے سال 2016 میں 2595 رن تو2017 میں 1818 رن اپنے نام کئے تھے۔ حالانکہ ایک سال میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ کمارسنگاکارا کے نام ہے، جنہوں نے 2014 میں 2868 رن بنائے تھے۔ سال 2018 کی اگربات کریں تووراٹ کوہلی کے علاوہ سری لنکا کے کسال مینڈس نے ٹسٹ کرکٹ میں 1000 سے زیادہ رن بنائے۔ وراٹ کے نام 1322 رن درج ہیں تومینڈس نے 1023 رن بناکراچھا دم دکھایا۔ وہیں ونڈے کرکٹ میں کوہلی (1202رن) کے علاوہ روہت شرما )1030( اورجانی بیرسٹو (1025) نے اپنا دم دکھایا۔ سچ کہا جائے تو ٹسٹ اورونڈے کرکٹ میں سال 2018 میں ہرطرف وراٹ کوہلی کا ہی جلوہ نظرآیا۔ آئی سی سی کی ویٹنگ اکادمی نے سرگارفیلڈ سوبرس ٹرافی کے لئے اتفاق رائے سے کوہلی کا انتخاب کیا، جہاں جنوبی افریقہ کے تیزگیند بازکیگسورباڈا دوسرے مقام پررہے۔ رباڈا سال کے سب سے بہترین کرکٹرکی دوڑمیں بھی کوہلی سے پیچھے ہوکردوسرے مقام پررہے۔ افغانستان کے لیگ اسپنرراشد خان آئی سی سی سال کے سب سے بہترین ونڈے کھلاڑی کے ایوارڈ میں بھی کوہلی کے بعد دوسرے مقام پررہے۔ یکم جنوری سے 31 دسمبر2018 تک کوہلی کی قیادت میں ہندوستان نے 6 ٹسٹ جیتے اور7 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ونڈے میچوں میں کوہلی کی کپتانی میں ہندوستان 9 میچوں میں جیت درج کی  جبکہ اسے چارمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا اورایک میچ ٹائی رہا۔ کوہلی نے 2017 میں بھی سرگارفیلڈ ٹرافی اورآئی سی سی ونڈے پلیئرآف دی ایئرکے ایوارڈ جیتے تھے۔ وہ 2012 میں بھی آئی سی سی سال کے سب سے بہترین کھلاڑی رہے تھے۔ آئی سی سی نے دکھایا کوہلی کی کپتانی پربھروسہ آئی سی سی نے وراٹ کوہلی کوٹسٹ کے ساتھ ساتھ ونڈے ٹیم کی کمان بھی سونپی ہے۔ آئی سی سی نے اپنے ایک بیان میں کہا "وراٹ کوہلی کے 2018 میں بطوربلے بازاورکپتان بہترین کارکردگی کے لئے انہیں دونوں ٹیموں (ٹسٹ اورونڈے) کا کپتان منتخب کیا گیا ہے"۔ آئی سی سی کی 2018 کی ٹسٹ ٹیم ٹام لاتھم (نیوزی لینڈ)، دمتھ کرونارتنے (سری لنکا)، کین ولیمسن (نیوزی لینڈ)، وراٹ کوہلی (ہندوستان-کپتان)، ہینری نکولس (نیوزی لینڈ)، رشبھ پنت (ہندوستان، وکٹ کیپر)، جیسن ہولڈر (ویسٹ انڈیز)، کگیسورباڈا (جنوبی افریقہ)، ناتھن لیون (آسٹریلیا)، جسپریت بمراہ (ہندوستان) اورمحمد عباس (پاکستان)۔