تین طلاق بل لوک سبھا میں پیش، بل میں تین طلاق دینے پر 3 سال کی سزا کا التزام
11:52AM Mon 17 Dec, 2018
تین طلاق کو غیر قانونی اور غیر ضمانتی جرم بنانے سے متعلق ’مسلم خواتین (شادی کے حقوق کی حفاظت)بل2018‘ آج لوک سبھا میں پیش ہوگیا۔ مختلف مسئلوں پر ایوان میں جاری ہنگامے کے درمیان قانون اور انصاف کے وزیر روی شنکر پرساد نے وقفہ صفر سے پہلے بل پیش کرنے کی اجازت طلب کی۔
کانگریس کے ششی تھرور نے یہ کہتے ہوئے بل کی مخالفت کی کہ خواتین کا استحصال روکنے جیسے بڑے مسئلوں کے بجائے یہ بل ایک مخصوص طبقے کے لوگوں کے لئے قانون بنانے کے مقصد سے لایا گیا ہے۔ یہ سائرہ بانو معاملے میں سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی ہے اور کیونکہ یہ مخصوص طبقے کے لئے لایا گیا ہے اس لئے یہ آئینی نقطہ نظر سے بھی غلط ہے۔
اس کے جواب میں پرساد نے یہ دلیل دی کہ یہ بل مسلم خواتین کے حقوق کی حفاظت کے لئے لایا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے ذریعہ تین طلاق کی روایت کو غیر آئینی ٹھہرائے جانے کے بعد بھی بلا خوف اس پر عمل کیا جارہا تھا۔ اس لئے حکومت مسلم خواتین کے حق میں یہ بل لائی ہے۔ اس کے بعد شور شرابے کے درمیان ہی ایوان نے صوتی ووٹوں سے بل پیش کرنے کی منظوری دے دی۔