کرناٹک میں نپاہ وائرس کے آثار نہیں 3 مہینوں تک کیرلا کا دورہ نہ کرنے کیرلا کے باشندوں کو ہدایت
12:50PM Sun 3 Jun, 2018
بنگلورو 3 جو ن (سالار نیوز) سلیکان سٹی بنگلورو میں گزشتہ چند دنوں سے نپا ہ وائرس کی وباء پھیلے جانے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے مریضوں کے خون کے نمونے لیباریٹری کو روانہ کئے گئے تھے ۔رپورٹ میں مشتبہ مریضوں میں نپاہ وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ شہر کی نجی اسپتال میں نرس کے عہدہ پر معمور 3افراد شدید بخار اور سر درد میں مبتلا ہیں جن میں نپا ہ وائرس ہونے کا خدشہ لاحق تھا اس کے علاہ یہ تینوں نرسوں کا تعلق کیرلا سے تھا ۔ تینوں 15 دن قبل ہی کیرلا سے شہر پہنچے ہوئے تھے ۔جس کے سبب ان کے خون، اور بلغم کے نمونوں کو منی پال نپرا لیابریٹری کو ورانہ کیا گیاتھا ۔ اب ٹسٹ کی رپورٹ موصول ہوئی ہے جس میں ان مریضوں میں نپاہ وائرس پائے جانے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے ۔ محکمہ صحت کے افسران کے مطابق منگلور، چنتامنی، گدگ سمیت مشتبہ معاملات میں نپا ہ وائرس کے نہ پائے جانے کے متعلق تصدیق ہوئی ہے ۔ جس سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کرناٹک میں نپاہ وائرس کی وباء نہیں پھیلی ہے۔ اگر رپورٹ میں پازیٹیو آیا ہوتا تو نمونوں کو پھر ایک بار پونہ کے ریسرچ سنٹر کو روانہ کرنا پڑتا تھا ۔ اب اس کی ضرورت نہیں ہے جس کے سبب عوام اس سلسلہ میں خوفزدہ نہ ہوں ۔ محکمہ صحت کے ملیریا شعبہ کے چیف ڈاکٹر پرکاش نے کرناٹک میں مقیم کیرلا کے باشندوں کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کم از کم 3 مہینوں تک کیرلا کا رْخ نہ کریں ۔ کیونکہ وہاں نپاہ وائرس پائے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس مرض کے پھیلنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ اس سلسلہ میں مطالعہ کیا جارہا ہے ۔ کرناٹک میں اس مسئلہ کو درپیش نہ ہونے کیلئے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ کرناٹک میں مقیم کیرلاکے طلباء کو 3 ماہ تک اپنے آبائی وطن نہ پہنچنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے ۔ ضرورت پڑنے پر اس وباء سے بچنے کیلئے درکارمناسب اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دے دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سوشیل میڈیا میں جھوٹی افواہیں اڑائی جارہی ہیں کہ مرغی سے نپاہ وائرس پھیل رہا ہے جبکہ اس وباء کے پھیلنے کی ابھی تک کوئی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ جھوٹی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کیلئے کیرلا کی محکمہ صحت نے وہاں کے محکمہ داخلہ سے شکایت کی بھی ہے ۔