ایس ایس ایل سی امتحانات کے ٹائم ٹیبل کا 3مئی کے بعد ہی اعلان ہوگا:ایس سریش کمار
02:08PM Wed 15 Apr, 2020
بینگلور: 15 اپریل، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کے بعد وزیر برائے پرائمری و ثانوی تعلیمات مسٹر ایس سریش کمار نے کہا ہے کہ ایس ایس ایل سی کے سالانہ امتحانات اور پی یو سی کے ایک امتحان کے نظام الاوقات (ٹائم ٹیبل) کا اعلان اس لاک ڈاؤن (2.0) کے ختم ہونے کے بعد ہی کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس سے قبل محکمہ تعلیمات کی طرف سے کہا گیا تھا کہ 14 اپریل کے بعد ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے امتحان کی تاریخوں کا اعلان ہوگا لیکن لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کے بعد فی الحال ٹائم ٹیبل کا اعلان نہیں کیے جانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔
انہوں نے والدین اور سرپرستوں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی محکمہ تعلیمات کی جانب سے ایس ایس ایل سی طلبہ کے لیے کوئی آن لائن کلاس کا اہتمام نہیں کیا گیا ہے۔ لہٰذا طلبہ اور والدین اس طرح کی افواہوں پر دھیان نہ دیں۔