تین سو پچاس روپے کمانے والے مستری کے اکاؤنٹ سے 3 ارب 33 کروڑ کا ٹرانزیکشن، پورا محکمہ سکتے میں
01:39PM Sun 27 Nov, 2016
پٹنہ ۔ ساڑھے تین سو روپے روزانہ کمانے والے ایک بڑھئی مستری پر انکم ٹیکس محکمہ کی جانب سے 3.5 ارب روپے کے ٹرانزیکشن کا نوٹس بھیجنے کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہ معاملہ بہار کے بیگو سرائے کے برونی تھانہ علاقے کے ننگا کا ہے، جہاں سدھیر ساہ کو 28 ستمبر کو اسسٹنٹ کمشنر آف انکم ٹیکس سرکل -2 او پی جھا نے انکم ٹیکس محکمہ ایکٹ 1961 سیکشن 147/48 کے تحت کارروائی کے لئے نوٹس بھیجا ہے۔ انکم ٹیکس محکمہ کے مطابق سال 2014-15 میں سدھیر ساہ کے اکاؤنٹ سے 3 ارب 33 کروڑ دو لاکھ چودہ ہزار 323 روپے کا لین دین کیا گیا ہے۔
تاہم پورا معاملہ مشتبہ ہے لہذا معاملے کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔ دوسری طرف انکم ٹیکس کے ایک عہدیدار کے مطابق سدھیر ساہ کو نوٹس جانے کے بعد اس نے انکم ٹیکس آفس پہنچ کر کچھ چونکانے والی معلومات دی ہیں، لہذا پورا معاملہ الجھ گیا ہے۔ پوچھ گچھ میں سدھیر ساہ نے بتایا کہ ایک شخص نے اسے گجرات کے جام نگر میں ایک کمپنی میں نوکری دینے کے نام پر پین کارڈ بنانے کو کہا۔ اسی شخص نے پین کارڈ بنانے کے لئے درخواست بھی دی لیکن پین کارڈ اس کے ہاتھ نہیں آیا۔ اسے صرف پین کارڈ کے ساتھ ملنے والا ایک لیٹر ملا۔