دارالعلوم ندوۃ العلما کےاستاد مولانا سلمان حسینی ندوی کی بی ایس پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل
02:42PM Wed 18 Jan, 2017
ایک طرف ایشیا کی عظیم دینی دانشگاہ دارالعلوم دیو بند نے تمام سیاسی پارٹیوں کے لیڈروں کےلئے الیکشن تک اپنے دروازے بند کر لئے ہیں تو وہیں لکھنؤ میں واقع ایک دیگر عظیم دینی ادارہ دارالعلوم ندوۃ العلما نے سیاسی اپیل کر کے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔ ندوۃ العلما کے ڈین مولانا سلمان حسینی ندوی نے بی ایس پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی ہے۔ مولانا کی اس اپیل پر مختلف طرح کے ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔
حالانکہ بعض شیعہ و سنی علما یہ مانتے ہیں کہ سیاسی اپیلوں سے یا تو علما کو گریز کرنا چاہئے یا پھر متفقہ طور پرکوئی اعلان کیا جائے۔ لکھنؤ میں واقع دارالعلوم ندوۃ العلما بھی ایک ایسا دینی ادارہ ہے جو کسی بھی الیکشن میں کھل کر نہ تو کسی پارٹی کی حمایت کرتا ہے اور نہ ہی مخالفت۔
لیکن اب یہاں کے ہی پریچنگ اینڈ انفارمیشن شعبہ کے ڈین مولانا سلمان حسینی ندوی نے مسلمانوں سے بہوجن سماج پارٹی کو ووٹ دینے کی اپیل کر کے ملک بھر میں ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔
حالانکہ ان کی یہ اپیل ذاتی ہے اور ’ایکتا منچ‘ نامی تنظیم کے سرپرست کے طور پر انہوں نے یہ اپیل کی ہے لیکن چونکہ مولانا کا تعلق ملک کے ایک عظیم الشان ادارے سے ہے اور خود مولانا بھی ایک بلند پایہ عالم دین ہیں، اس لئے ان کی اس اپیل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
خیال رہے کہ مولانا سلمان حسینی ندوی کی کسی خاص پارٹی کے حق میں اپیل کودیگرعلما نے نامناسب بتایا ہے۔ شیعہ رہنما مولانا یعسوب عباس کا کہنا ہے کہ مسلمان کسی مولانا یا سجادہ نشین کی اپیل پر نہیں بلکہ ترقیاتی کاموں و فلاحی اسکیموں کے مدنظر ووٹ ڈالتے ہیں۔