اعظم کا وکرم پر طنز، کہا :مظفرنگر کے ہیرو نے ٹھیک ہی کہا ہوگا
09:46AM Tue 28 Mar, 2017
لکھنؤ، (بھٹکلیس نویز)سماج وادی پارٹی (ایس پی)کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی وزیر اعظم خاں نے بی جے پی کے ممبر اسمبلی وکرم سینی کے بیان پر طنز کسا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مظفرنگر کے ہیرو لوگ ہیں، اگر کچھ کہا ہے، تو صحیح ہی کہا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مظفر نگر، دادری اور گجرات میں اسی بات کا ووٹ ان لوگوں کو ملا ہے۔اعظم خان نے کہا کہ 140سے زیادہ ایسے لوگ جیت کر آئے ہیں، جن پر سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں۔قابل ذکرہے کہ اس سے پہلے مظفر نگر میں بی جے پی ممبر اسمبلی وکرم سینی نے متنازعہ بیان دیتے ہوئے دھمکی دی تھی کہ جن لوگوں کو ’وندے ماترم اور ’بھارت ماتا کی جے‘کہنے میں پریشانی ہے اور جو لوگ گائے کو اپنی ماں نہیں مانتے ہیں اور ان کوقتل کرتے ہیں ،ان کے ہاتھ پیر توڑنے کا میں نے وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنا وعدہ پورا کرنے کے لیے تیار ہیں، ہمارے پاس نوجوان کارکنوں کی ٹیم ہے جو ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرے گی۔سینی کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب وزیر اعلی آدتیہ ناتھ یوگی نے گائے کی اسمگلنگ پر مکمل طور پر پابندی لاگو کئے جانے اور غیر قانونی مذبح کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے ۔وہیں وزیر اعلی نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پارٹی لیڈروں ، وزراء ، کارکنوں سے قابل اعتراض بیان دینے سے گریز کرنے کو کہا تھا۔وزیر اعلی آدتیہ ناتھ نے کہا تھا کہ ایسے بیانات نہیں دئیے جائیں، جن سے کسی کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔