چارہ گھوٹالہ معاملہ :سپریم کورٹ نے لالو یادو کودیا جھٹکا ، چلے گا مجرمانہ سازش کا کیس
03:31PM Mon 8 May, 2017
پٹنہ، (بھٹکلیس نیوز)950/کروڑ روپے کے چارہ گھوٹالہ معاملے میں آر جے ڈی سربراہ لالو یادو اور دیگر پر سے مجرمانہ سازش اور دیگر دفعات ہٹائے جانے کے خلاف سی بی آئی کی طرف سے دائرکی گئی عرضی پر سپریم کورٹ اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں لالو یادو پر اس معاملے میں مجرمانہ سازش کا معاملہ چلانے کی اجازت دے دی ہے۔عدالت عظمی نے 9ماہ میں سماعت مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔سپریم کورٹ نے یہ بھی طے کر دیا ہے کہ چارہ گھوٹالے سے منسلک مختلف معاملے چلتے رہیں گے، اس معاملے میں لالو یادو سمیت 45دیگر لوگوں پر مقدمہ چلایا جائے گا۔لالو یادو کی جانب سے رام جیٹھ ملانی پیش ہوئے تھے اور معاملہ کو مسترد کرنے کی اپیل کی تھی۔انہوں نے سی بی آئی کی دلیل کو مسترد کر دیا تھا۔وہیں عدالت عظمی نے سی بی آئی کو بھی معاملے میں تاخیر کرنے پر پھٹکار لگائی۔ساتھ ہی جھارکھنڈ ہائی کورٹ کو بھی قانون کے طے قوانین پر عمل نہ کرنے پر پھٹکار لگائی۔دراصل، جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے نومبر 2014میں لالو یادو کو راحت دیتے ہوئے ان پر لگے گھوٹالے کی سازش اور آئی پی سی کی دفعہ 420(ٹھگی)، 409کریمنل بریچ آف ٹرسٹ اور پروینشن آف کرپشن کے الزام ہٹا دئیے تھے۔ہائی کورٹ نے فیصلے میں کہا تھا کہ ایک ہی جرم کے لیے کسی شخص کو دو بار سزا نہیں دی جا سکتی ہے، حالانکہ ہائی کورٹ نے فیصلے میں یہ بھی کہا تھا کہ لالو یادو کے خلاف تعزیرات ہند کی دو دیگر دفعات کے تحت مقدمہ چلتا رہے گا ۔ فیصلے کے آٹھ ماہ بعد سی بی آئی نے جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف جولائی میں سپریم کورٹ میں اپیل داخل کی تھی ۔سماعت کے دوران لالو پرساد یادو کی جانب سے رام جیٹھ ملانی نے کہا کہ تمام معاملات میں الزام ایک جیسے ہیں ، لہذا معاملے کو لے کر درج کئے گئے الگ الگ معاملوں کی سماعت کی ضرور ت نہیں۔وہیں ، سی بی آئی کی جانب سے ایس جی رنجیت کمار نے کہا کہ لالو پرساد کے خلاف 6الگ الگ معاملے درج ہیں ،جن میں سے ایک معاملے میں وہ قصوروار ٹھہرائے گئے اور معاملہ ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔سی بی آئی کی جانب سے رنجیت کمار نے یہ بھی کہا کہ تمام معاملات میں سال، رشوت کی رقم اور ٹرانزیکشن الگ الگ ہیں، اس لیے تمام معاملات کو ایک طرح سے نہیں دیکھا جا سکتا۔قابل ذکرہے کہ چارہ گھوٹالہ معاملے میں آر جے ڈی سربراہ لالو یادو اور دیگر پر سے کچھ دفعات ہٹائے جانے کے خلاف دائر درخواست پر سپریم کورٹ نے سماعت کرکے 20؍اپریل کو حکم محفوظ رکھ لیا تھا، تقریبا 950کروڑ کے چارہ گھوٹالے کے آرسی ؍20اے ؍96کے معاملے میں لالو پرساد یادو کے علاوہ بہار کے سابق وزیر اعلی جگن ناتھ مشرا، جے ڈی یو کے ایم پی جگدیش شرما سمیت 45افراد ملزم ہیں۔اس سب پر چائی باسا خزانہ سے 37.7کروڑ روپے کی رقم غیر قانونی طریقے سے نکالنے کا الزام ہے ۔چارہ گھوٹالہ 1990سے لے کر 1997کے درمیان بہار کے مویشی پروری محکمہ میں مختلف اضلاع میں تقریبا 1000کروڑ روپے کے غبن سے منسلک ہے۔اس دوران لالو پرساد یادو بہار کے وزیر اعلی تھے۔