مرڈیشور میں لائف گارڈ عملہ کے ایک اہلکار نے سمندر میں ڈوبتے شخص کو بچالیا
02:29PM Mon 18 Jun, 2018
بھٹکل: 18 جون (بھٹکلیس نیوز بیورو) تعلقہ کے مرڈیشور میں اتوار کے روز سمندر میں ڈوبتے ایک شخص کو مرڈیشور ساحل پر تعینات لائف گارڈ عملہ کے ایک فرد نے بچالیا ہے جس کی شناخت بنگلور کے رہنے والے یوراج (36) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
اطلاع کے مطابق یوراج تفریح منانے کے لئے اپنے دوست احباب کے ساتھ مرڈیشور آیا ہوا تھا ، اس دوران کہ وہ سمندر کی موجوں کا لطف لے رہا تھا کہ اچانک ایک موج اسے کھینچ لے گئی اور وہ غوطے کھانے لگا۔ یوراج کو غوطہ کھاتا دیکھ کر ساحل پر موجود لائف گارڈ عملہ کے ایک اہلکار جیارام کوپّا ہری کانت نے فوری ڈبکی لگائی اور ماہی گیروں کی مدد سے اسے بحفاظت ساحل تک لانے میں کامیاب ہوگیا۔
اس پر یوراج کے دوست احباب نے ہری کانت اور دو ماہی گیروں کا شکریہ بھی ادا کیا اور اس پھرتی پر ان کی تعریف کی ۔