علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تمام شعبوں، اسکولوں اور دفاتر میں یومِ رائے دہندگان پروگراموں کا انعقاد

04:44PM Thu 26 Jan, 2017

علی گڑھ، (بھٹکلیس نیوز)قومی یومِ رائے دہندگان کے موقعہ پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تمام شعبوں، اسکولوں اور دفاتر میں یومِ رائے دہندگان پروگرام منعقد کئے گئے اور ملازمین و اساتذہ کو رائے دہندگی کا حلف دلایا گیا۔اے ایم یو کے ایڈمنسٹریٹو بلا میں رجسٹرار پروفیسر جاوید اختر نے سبھی اسٹاف اراکین کو حلف دلایا جس میں کہا گیا کہ ہم ہندوستانی شہری، جمہوریت میں مستحکم یقین رکھتے ہوئے اپنے ملک کے جمہوری رواجوں اور آزادانہ غیر جانبدارانہ اور پُر امن انتخابات کی روایت برقرار رکھنے اور ہر انتخاب میں بے خوف ہوکر مذہب، نسل، ذات ،فرقہ، زبان کے خیال سے یا کسی لالچ سے متاثر ہوئے بغیر رائے دہندگی کا حلف لیتے ہیں۔اس موقعہ پر کنٹرولر پروفیسر یوسف الزماں خاں، قائم مقام فائننس آفیسر محترمہ یاسمین جلال بیگ سمیت جوائنٹ رجسٹرار ، ڈپڑی رجسٹرار و اسسٹنٹ رجسٹرار کے علاوہ رجسٹرار اور کنٹرولر دفاتر کے تمام ملازمین بھی موجود تھے جنہوں نے حلف لیا۔اس کے علاوہ اے ایم یو کے سید حامد سینئر سیکنڈری اسکول ، سینئر سیکنڈری اسکول گرلس، اے ایم یو گرلس اسکول، ایس ٹی ایس اسکول کے طلبأ و طالبات نے کوارسی چوراہے پر قومی یومِ رائے دہندگان کے موقعہ پر منعقدہ پروگرام میں حصہ لیا اور انسانی زنجیر میں شامل ہوئے جہاں پر کمشنر مسٹر سبھاش چندر شرما نے رائے دہی کا حلف دلایا۔ این ایس ایس، کلچرل ایجوکیشن سینٹر،ویمنس کالج کی انتظامیہ سے وابستہ افراد بھی پروگرام میں شامل ہوئے۔ یونیورسٹی کے افسر رابطۂ عامّہ مسٹر عمر سلیم پیرزادہ کی قیادت میں شعبہ رابطۂ عامّہ کے ملازمین نے ان کی حوصلہ افزائی کی۔ماہنامہ تہذیب الاخلاق کے دفتر میں مدیر پروفیسر صغیر افراہیم کی صدارت میں حلف برداری کی رسم ادا کی گئی جس میں ادارہ کے تمام اراکین نے حصہ لے کر حقِ رائے دہی کے استعمال کا حلف لیتے ہوئے کہا کہہم ہندوستانی شہری، جمہوریت میں مستحکم یقین رکھتے ہوئے اپنے ملک کے جمہوری رواجوں اور آزادانہ غیر جانبدارانہ اور پُر امن انتخابات کی روایت برقرار رکھنے اور ہر انتخاب میں بے خوف ہوکر مذہب، نسل، ذات ،فرقہ، زبان کے خیال سے یا کسی لالچ سے متاثر ہوئے بغیر رائے دہندگی کا حلف لیتے ہیں۔