وجے روپانی نے گجرات کے وزیر اعلی کی حیثیت سے لیا حلف ، امت شاہ ، اڈوانی اور جیٹلی تھے موجود
03:59PM Sun 7 Aug, 2016
Share:
احمد آباد : گجرات میں پٹیل آندولن اور پھر دلتوں کے احتجاج کے پیش نظر آنندی بین کے استعفی کے بعد اتوار کو بی جے پی کے سینئر لیڈر وجے روپانی نے وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیا ۔ روپانی کو گاندھی نگر میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گورنر نے عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا ۔ علاوہ ازیں نتن پٹیل نے نائب وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لیا ۔ ان کے ساتھ متعدد وزرا نے بھی عہدہ اور راز داری کا حلف لیا ۔
اس موقع پر مرکز سے بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی موجود تھے جبکہ امت شاہ گزشتہ کئی دنوں سے گجرات میں ہی تھے اور انہوں نے بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی۔ گاندھی نگر میں منعقدہ اس حلف برداری تقریب میں بی جے پی کے تقریبا سبھی ممبران اسمبلی بھی موجود تھے ۔
خیال رہے کہ وجے روپانی کی کابینہ میں بڑے ردوبدل کے آثار ہیں ۔ کابینہ سے بڑے سینئر لیڈروں کی چھٹی طے مانی جا رہی ہے ۔ کابینہ کو لے کر اتوار کی صبح 3 بجے تک میٹنگوں کا دور چلتا رہا ۔
سب سے سینئر وزیر رہے رمن لال ووہرا کو کابینہ میں جگہ نہیں دی جا رہی ہے ۔ رمن ووہرا دلت برادری سے آتے ہیں ۔ ان کی جگہ اس مرتبہ اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہ چکے آتمارام پرمار نے لی ہے ۔ وزیر داخلہ رہے رجنی پٹیل کو بھی باہر کردیا گیا ہے ۔ جبکہ پرانی کابینہ میں وزیر رہے بھوپندر سنگھ چڈاسما، بابو بھائی بوكھريا، پردیپ سنگھ جڈیجہ، شنکر بھائی چودھری نئی کابینہ میں بھی برقرار رہیں گے ۔
اسمبلی کے اسپیکر گنپت واسوا کابینہ میں نیا چہرہ ہوں گے ۔ تاہم گنپت وسوا اسپیکر بننے سے پہلے بھی وزیر رہ چکے ہیں ۔ پرشوتتم سولنکی، دلیپ ٹھاكر بھی کابینہ میں ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق رمن لال ووہرا اسمبلی کے اسپیکر ہوں گے ۔
وجے روپاني اور نتن پٹیل نے ہفتہ کو گورنر کے سامنے حکومت بنانے کا دعوی پیش کیا ۔ تاہم دعوی پیش کرتے وقت قائم مقام وزیر اعلی آنندی بین پٹیل موجود نہیں تھیں ، جس کے بعد آنندی بین کی ناراضگی کو لے کر قیاس بھی تیز ہوئی ، لیکن گجرات کے انچارج دنیش شرما نے ان باتوں کو سرے سے خارج کر دیا اور کہا کہ آنندی بین کی نئی حکومت کے ساتھ ہے ۔ اتوار کی دوپہر 12:40 منٹ پر وجے روپانی اور نتن پٹیل بطور وزیر اعلی اور نائب وزیر اعلی کے طور پر حلف لیں گے ۔