منموہن کی مودی سے نہرو میموریل سے چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کی گزارش
02:43PM Mon 27 Aug, 2018
سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے حکومت کے ذریعہ تاریخی مقامات سے چھیڑ چھاڑ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے پنڈت جواہر لال نہرو میموریل میوزیم میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں کرنے کی گزارش کی ہے۔
ڈاکٹر سنگھ نے وزیراعظم کو 24اگست کو تحریر کردہ خط میں کہا کہ تین مورتی کے نہرو مموریل میوزیم اینڈ لائبریری (این ایم ایم ایل) میں پنڈت نہرو کی زندگی سے وابستہ کئی اہم یادگار ہیں۔ پنڈت نہرو نے ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ 10برس تک جیل میں رہے۔ ان کی خدمات کو کوئی فراموش نہیں سکتا۔ انہوں نے نہ صرف ملک بلکہ دنیا کو سمت دی اور این ایم ایم ایل ان کی یادگاروں کا مرکز ہے اس لئے اس سے کسی طرح کی چھیڑ چھار نہیں کی جانی چاہئے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی چھ برس تک ملک کے وزیراعظم رہے اور ان کے دور اقتدار میں این ایم ایم ایل کی شکل و صورت میں تبدیل کی کوشش نہیں کی گئی لیکن بدقسمتی سے آج کی حکومت کا یہ ایجنڈہ بن گیا ہے۔سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کہاکہ مسٹر واجپئی نے پارلیمنٹ میں پنڈت نہرو کے انتقال پر کہا تھا کہ تین مورتی کو اس طرح کی شخصیت اب نہیں ملے گی۔ اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنے والا ایسا وسیع النظر، انتہائی بہتر شخصیت اور عظیم انسان مستقبل قریب میں نہیں ملے گا۔ نظریاتی اختلاف کے باوجود ہم ان کے عظیم خیالات ، ان کی سنجیدگی اور ملک کے تئیں ان کی محبت اور غیرمعمولی ہمت کا احترام کرتے ہیں۔
ڈاکٹر سنگھ نے کہاکہ ان خیالات کا احترام کرتے ہوئے ہمیں تین مورتی کو ملک کے پہلے وزیراعظم کی یادگاروں کے میوزیم کو قائم رکھ کر اس کے پورے کمپلکس کو پہلے کی طرح غیرمتنازعہ رکھنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ پنڈت نہرو کا تعلق صرف کانگریس سے نہیں بلکہ پورے ملک سے ہے۔